راجوری میں ہائیڈ اوٹ تباہ اسلحہ کی بھاری کھپ بر آمد

سمیت بھارگو

راجوری // راجوری ضلع میںملی ٹینٹوںکے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا، جس کے نتیجے میں دیگر ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ساتھ چھ چپکنے والے بم برآمد ہوئے۔ پولیس نے پیر کو کہاکہ لشکر طیبہ کمانڈر طالب حسین شاہ کے انکشاف پر اس ٹھکانے کا پتہ لگایاگیاجسے اپنے ساتھی فیصل احمد ڈار کے ساتھ لوگوں نے قابو کر کے اتوار کو ضلع ریاسی کے ایک دور افتادہ گاؤں میں پولیس کے حوالے کر دیاتھا۔انہوں نے کہا کہ شاہ نے پوچھ گچھ کے دوران راجوری کے اپنے دراج گاؤں میں ایک ٹھکانے کی موجودگی کا انکشاف کیا اور اسی کے مطابق چھاپہ مارا گیا اور اس ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔خفیہ ٹھکانے کی تلاشی کے نتیجے میں چھ چسپاں بم، ایک پستول، تین پستول میگزین، پستول کے 19 راؤنڈ، ایک انڈر بیرل گرینیڈ لانچر (یو بی جی ایل)، تین یو بی جی ایل گرینیڈ، اے کے اسالٹ رائفل کے 75 راؤنڈ اور ایک آئی ای ڈی ریموٹ برآمد ہوا۔ شاہ ، بھاجپا کا ایک سرگرم رکن تھا جسے حال ہی میں جموں صوبے میں اقلیتی مورچہ کے انچارج کے طور پر اس کے آئی ٹی اور سوشل میڈیا سیل کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں مبینہ طور پر شاہ کو بی جے پی لیڈروں کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ایک تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ جے اینڈ کے بی جے پی کے صدر رویندر رینا مبینہ طور پر انہیں ایک گلدستہ اور پارٹی لیڈر شیخ بشیر کی طرف سے 9 مئی کو جاری کردہ ایک خط کے ساتھ پیش کر رہے ہیں، جس میں انہیں اقلیتی مورچہ (صوبہ جموں) کے نئے آئی ٹی اور سوشل میڈیا انچارج کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔