راجوری //جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح راجوری میں بھی کووڈ قہر مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز 2مزید افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ ضلع بھر میں مزید 68کووڈ معاملات سامنے آئے ہیں ۔ضلع میں گزشتہ روز ہوئی دو اموات کے بعد کورونا وائرس کے ضلع بھر میں اس وقت تک کل 62افراد کی موت ہوگئی ہے ۔گور نمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری کے منتظمین نے بتایا کہ کووڈ میں لقمہ اجل بننے والوں میں ایک شخص کا تعلق مراد پور علاقہ سے ہے جو کہ حالیہ دنوں میں ہی ہریدوار سے واپس آیا تھا جبکہ اس میں کووڈ کی علامت سامنے آنے کے بعد جموں ریفر کیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی آخری رسومات آبائی علاقہ میں کووڈ ایس او پی کے تحت ادا کی گئیں ۔تھنہ منڈی کے برہون علاقہ میں کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے ایک بزرگ زندگی کی بازی ہار گئے جن کی عمر تقریبا 90 سال بتائی جاتی ہے۔مذکورہ شخص پچھلے کچھ دنوں سے راجوری ہسپتال میں زیر علاج تھا جہاں ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کا علاج جاری تھا لیکن گزشتہ رات ان کی موت ہوگئی۔ میت کو راجوری ہسپتال سے بذریعہ ایمبولینس ان کے آبائی گاؤں برہون لایا گیا جہاں تحصیل انتظامیہ کے عملہ اور حکومتی ہدایت کے مطابق تمام تر احتیاطی اقدامات اور وارثان کی موجودگی میں محکمہ صحت اور مخصوص عملہ نے آخری رسومات ادا کیں ۔یاد رہے کہ سب ڈسٹرکٹ تھنہ منڈی میں کرونا وائرس سے ہونے والی یہ پہلی موت ہے جس سے پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ راجوری انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع میں گزشتہ روز 68نئے کیس رجسٹر ڈ کئے گئے ہیں ۔انہوں نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وائرس کے مزید پھیلا ئو کو کم کیاجاسکے ۔