راجوری میں متعدد مقامات پر مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات ضلع بھر میں تلاشی مہم تیز کردی گئی ،نوشہرہ کے کئی دیہات کا محاصرہ ،آپریشن جاری

سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری// سرحدی ضلع راجوری میں سیکورٹی فورسز نے متعدد مقامات پر مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات پر محاصرے میں تلاشی مہم تیز کردی ہے جبکہ اس سلسلہ میں آپریشن بدھ کے روز نوشہرہ کے دیہاتوں میں شروع کیا گیا جسے محاصرے میں لے کر تلاشی لی گئی۔حکام نے بتایا کہ راجوری ضلع کے متعدد علاقوں میں کچھ دن پہلے مختلف تلاشی آپریشن شروع کئے گئے تھے جنہیں وقتاً فوقتاً موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پرشروع کیاگیا تھا ۔عہدیداروں نے بتایا کہ فی الحال ضلع میں تین مختلف مقامات پر تلاشی اور عسکریت پسندی کے خلاف آپریشن کا عمل شروع کیاگیا ہے ،جن میں فوج اور پولیس مشترکہ حصہ لے رہی ہیں ۔حکام نے مزید بتایا کہ ان میں سے ایک بڑی انسداد عسکریت پسندی آپریشن نوشہرہ سب ڈویژن کے حصوں میں جاری ہے جس کے ساتھ سب ڈویژں کے مختلف دیہات محاصرے میں ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن کے گائوں گیا، چار والا اور دیگر میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد فوج اور پولیس نے عسکریت پسندی کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کیا جو منگل کی شام شروع کیا گیا تھا اور بدھ کی دوپہر تک جاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ دیہات کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں درہال میں پرگل آرمی کیمپ پر فدائین حملے اور بدھل کے سوجن ہل علاقے میں عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد پورے راجوری ضلع میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ۔پچھلے سال بھی راجوری اور پونچھ اضلاع کے کچھ حصوں میں متعدد انکاؤنٹر اور عسکریت پسندی کی کارروائیاں ہوئیں جن میں بہت سے فوجی اہلکار اور عسکریت پسند مارے گئے اور طویل عرصے کے بعد ایسی عسکریت پسندی کی کارروائیوںسے خطہ میں بدامنی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔

 

بفلیاز ۔سرنکوٹ سڑک کے سروے کا معاملہ حل
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// بفلیاز تا سرنکوٹ سڑک کی کشادگی کا کام محکمہ گریف کی جانب سے ایک سال قبل شروع کیا گیا تھا تاہم کام سست روی کی وجہ سے جہاں آس پاس کے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہائیں گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب سڑک پر ایک معاملہ کھڑا ہو گیا۔اس سلسلہ میں مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کوکوئی نوٹس جاری نہیںکیاگیا تھا ۔ مکینوں کے مطابق غلط سروے میں کچھ عام لوگوں کے مکانات آ رہے تھے جس کے چلتے لوگوں نے ایک تحریری شکایت گورنر گریوینس سیل میں دی تھی۔اس شکایت میں کہاگیا تھا کہ محکمہ گریف کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے سڑک میں ان کے رہائشی مکانات آرہے ہیں ۔اس شکایت کے چلتے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت سنگھ نے مذکورہ سڑک کا دورہ کر کے اس کا جہاں معائینہ کیا وہائیں انہوں نے مذکورہ مقام پر جا کر مقامی لوگوں کے مطالبات کو بغور سنا۔اس دوران یہ پایا گیا اس سروئے میں کوئی بھی رہائشی مکان نہیں آرہا ہے اور نہ ہی سڑک نالے میں جارہی ہے ۔اس دوران یہ فیصلہ لیا گیا کہ سڑک کی تعمیر کا عمل آئندہ کچھ ہی دنوں میں شروع کر دیا جائے گا ۔