راجوری میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتیں |  اسکول سے قیمتی املاک و سی سی ٹی وی کیمرے چوری کرلئے گئے 

راجوری//راجوری کے مبارک پورہ گاؤں میں ایک نجی تعلیمی ادارے کو نشانہ بناتے ہوئے چور چوروں نے شانتی نکیتن اسکول سے سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیو ریکارڈر سمیت قیمتی املاک لوٹ لی۔مقامی لوگوں اور اسکول انتظامیہ کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب نامعلوم چور اسکول میں گھس آئے اور وہ لوہے کا دروازہ توڑ کر اسکول میں داخل ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے آڈیو سسٹم، مائیک، بیٹری، انورٹر، کمپیوٹرز چوری کر لئے اور اسکول میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا مواد رکھنے والا ریکارڈر بھی ساتھ لے گئے۔اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ مقامی تھانے میں پولیس کے سامنے شکایت درج کروائی گئی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تحقیقات کا عمل بھی شروع کرلیا ہے ۔مقامی سرپنچ کرن سریال نے بتایا کہ ’ہم اس معاملے کی مناسب تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ راجوری میں چوروں کی وارداتیں مسلسل جاری ہیںاور لوگوں کی قیمتی املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چوروں نے اس بار تعلیمی ادارے میں چوری کی ہے جو کہ شرمناک فعل ہے اور اس سے قبل علاقے کے واٹر پمپنگ سٹیشن سے بجلی کا ٹرانسفارمر لے گئے جس سے واٹر سپلائی سکیم بند ہو گئی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔