راجوری میڈیکل کالج روڈ پر جام جیسی صورتحال مریضوں و عام لوگوں کو دوران آ مد ورفت دقتوں کا سامنا

راجوری //راجوری قصبہ کے مصروف ترین گوجر نگر تا کھیورہ میڈیکل کالج روڈ پر جام جیسی صورتحال کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ناقص ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور ٹریفک حکام کی لاپرواہی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میڈیکل کالج روڈ پر روزانہ بالخصوص شام کے اوقات میں شدید جام لگا جاتا ہے جسکی وجہ سے ایمر جنسی میں ہسپتال جانے والے مریضوں کیساتھ ساتھ تیمار داروں و عام لوگوں کو گھنٹوں جام میں رہنا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک کی مدد سے روزانہ درجنوں مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین اور مختلف حادثوں میں زخمی ہونے والوں کو میڈیکل کالج منتقل کرنا پڑتا ہے تاہم ٹریفک نظام میں آنے والے خلل کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکام کی جانب سے جام کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاتا جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہونا شروع ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں و تاجروں نے ٹریفک حکام کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شام کے اوقات کے دوران مذکورہ سڑک پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی جانب خصوصی طورپر دھیان دیا جائے تاکہ لوگوں کو پریشان کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔