عظمیٰ نیوزسروس
راجوری// جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ پر پیش آئے دو سڑک حادثات میں ایک خاتون اور ایک کمسن بچہ زخمی ہو گئے اور دونوں متاثرین سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔پولیس کے مطابق نوشہرہ کے علاقے ڈنڈیسر کے مقام پر ایک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل JK11G ۔3728نے ایک راہگیر خاتون کو ٹکر مار دی جسے فوری طور پر شدید زخمی حالت میں نوشہرہ کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔زخمی خاتون کی شناخت حمیدہ بیگم زوجہ محمد فاروق ساکن راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اسی طرح کے ایک اور حادثے میں، آٹھ سالہ بچہ عرفان حسین ولد تنویر حسین ساکن مراد پور، راجوری قصبہ کے قریب مراد پور میں ہائی وے پر ایک گاڑی JK12 ۔5955 کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔ہائی وے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والے بچے کو اتوار کی شام گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے بعد اسے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ضروری قانونی کارروائیاں اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ادھرریاسی ضلع کے ریاسی کٹرہ روڈ پر کالا موڑ کے قریب پیش آئے سڑک حادثے میں شری شیوکھوڑی مندر کے تین زائرین زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ حادثہ ایک کار JK14F ۔1778 جس میں شیو کھوڑی یاتریوں کو لے جایا جا رہا تھا اور ایک ایس یو وی JK20C ۔3041کے درمیان اس وقت پیش آیا جب دونوں گاڑیاں ریاسی کٹرہ روڈ پر کالا موڑ علاقے کے قریب ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔اس حادثہ میں تین شیو کھوری یاتری زخمی ہوگئے جنہیں ضلع اسپتال ریاسی منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت ورون شرما (42سال) ولد انمول شرما، آکاش شرما (13سال) ولد ورون شرما اور سنچیت ٹنڈن (33سال) ولد شیلیندر کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو سبھی لکھنؤ یوپی کے رہنے والے ہیں۔