دیسہ سے بھاری مقدار میں ناجائز لکڑی ضبط، ایف آئی آر درج

اشتیاق ملک

 

ڈوڈہ //جنگل مافیا کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے جنگلات ڈویڑن ڈوڈہ کے دیسہ علاقہ سے بھاری مقدار میں ناجائز لکڑی ضبط کی ہے۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او دیسہ سریندر سنگھ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے دیسہ کے اندریاں بھاٹہ جنگل سے بھاری مقدار میں ناجائز لکڑی ضبط کی. پولیس کے مطابق طالب حسین ولد محمد امین ساکنہ بھاٹہ نے مذکورہ جنگل میں سبز سونے کو بھاری نقصان پہنچایا اور ناجائز کٹاؤ کرکے سمگل کرنے کے لئے بھاری مقدار میں لکڑی جمع کی۔

 

 

پولیس نے لکڑی و کچھ کٹائی کا سامان بھی موقع سے ضبط کرکے متعلقہ دفعات کے تحت دیسہ تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر4/2023 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ۔پولیس کے مطابق مذکورہ شخص فرار ہوا ہے جس کی تلاش جاری ہے. واضح رہے کہ ڈوڈہ پولیس نے پچھلے دو ہفتوں سے ضلع بھر میں جنگل سمگلروں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے اور ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری، گندوہ کے جنگلوں سے بھاری غیر قانونی لکڑی ضبط کی ہے۔