عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ناراض رکن پارلیمان سری نگر آغا سیدروح اللہ مہدی نے منگل کے روزاعلان کیاکہ وہ دہلی احتجاج میں شرکت کریں گے تاہم انہوںنے کہاکہ یہ ایک دن کا معاملہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ ریاستی حیثیت اور آئینی حقوق وتحفظات کی بحالی کیلئے مسلسل جدوجہد ہونی چاہئے۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے رکن پارلیمان سری نگر آغا سیدروح اللہ مہدی نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کو لیکر دہلی میں احتجاج کرنے کا جواعلان کیاہے ،وہ اْس احتجاج میں شرکت کریں گے ،تاہم انہوں نے زوردیکرکہاکہ یہ ایک دن کامعاملہ یاایونٹ نہیں ہونا چاہئے کہ لوگوں کو خاموش کیاجائے بلکہ یہ ایک مسلسل اور منظم جدوجہد ہونی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ وہ دہلی احتجاج کے دوران اْن آئینی حقوق وتحفظات کی بات کریں گے ،جوہم سے 2019میں چھینے گئے ہیں۔
آغا سیدروح اللہ مہدی نے اپنے موقف کااعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ہماری جدوجہد صرف ریاستی درجے کی بحالی کیلئے نہیں ہونی چاہئے بلکہ آئینی حقوق وتحفظات کی بحالی کیلئے مسلسل جدوجہد ہونی چاہئے۔انہوںنے مزید کہاکہ 2019کے بعد ہماری زمینوںکو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے ،ہمارے نوجوانوں کیلئے مخصوص روزگار بھی اب محفوظ نہیں ہے ،اور ہمیں زمین وملازمتوں کے تحفظ کیلئے بھی لڑنا پڑے گا۔ رکن پارلیمان سری نگر آغا سیدروح اللہ نے کہاکہ ریزرویشن پالیسی میں موجود ناانصافی کودورکرناہوگا۔