دہشت گردی مخالف آپریشنز میں شدت لائی جائے ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت

پولیس سربراہ نے مچیل یاترا، یوم آزادی انتظامات اور اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کاجائزہ لیا

عاصف بٹ

کشتواڑ//جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کے روز رام بن اور کشتواڑ اضلاع کے دورے کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس سربراہ نے سالا نہ مچیل یاترا، یوم آزادی کے انتظامات اور اضلاع کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کابھی جائزہ لیا۔پولیس سربراہ نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاکہ امن دشمن عناصر کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں آپس میں قریبی رابطے بنائے رکھیں۔پولیس چیف نے اس موقع پر کہا کہ مچیل یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر زمینی سح پر اقدامات اْٹھانے کی ضرورت ہے۔پولیس سربراہ نے بعد میں ضلع پولیس آفس کشتواڑ کا دورہ کیا اور وہاں پر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ جرائم کا قلع قمع کرنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کریں۔انہوں نے بتایا کہ یوم آزادی کے پیش نظر ضلع میں امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سی سی ٹی وی اور ڈرونز سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

 

اس موقع پر ایس ایس پی کشتواڑ نے پولیس چیف کو ضلع کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جشن آزادی اور رکھشا بندھن کے حوالے سے پولیس نے سبھی انتظامات مکمل کئے ہیں۔ پولیس سربراہ نے آفیسران کو ہدایت دی کہ ملی ٹینٹوں کے ارادوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں آپس میں قریبی تال میل کواور زیادہ مستحکم کریں۔انہوں نے آفیسران کو بتایا کہ روزانہ کی بنیادوں پر صورتحال کے بارے میں باہمی گفت وشنید ہونی چاہئے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کو روکنے کی خاطر دہشت گردانہ مخالف آپریشنز میں شدت لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کشتواڑ ضلع کے دور دراز علاقوں کا فضائی سروے بھی کیا۔ان کے ساتھ اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ بھی تھے۔ انکے ہمراہ ایس ایس پی کشتوار شفقت حسین موجود تھے۔ ڈی جی پی نے مچیل میں مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی شکایات سنیں۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور انتظامیہ سے متعلق ان تک پہنچایا جائے گا۔ ڈی جی پی نے اے ڈی جی پی جموں کے ساتھ مچیل ماتا کے مندر میں پوجا کی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی سلامتی اور بہبود کے لئے دعا کی۔ڈی جی پی جموں و کشمیر نے بعد میں ڈیلٹا فورس ہیڈکوارٹر رام بن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جی او سی میجر جنرل اجے کمار، ڈی آئی جی ڈوڈہ کشتواڑ رام بن رینج سنیل گپتا، ایس ایس پی رام بن موہتا شرما اور دیگر علاقائی افسران کے ساتھ سیکورٹی صورتحال اور ہائی وے سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ ڈی آئی جی ڈی کے آر اور ایس ایس پی رام بن نے ڈی جی پی کو بالترتیب رینج اور ضلع کی یوم آزادی کے سلسلے میں سیکورٹی کی صورتحال اور انتظامات سے آگاہ کیا۔