دھنکھڑ نے 14ویں نائب صدر جمہوریہ کے طور پر حلف لیا

نئی دہلی// جگدیپ دھنکھر نے جمعرات کو ملک کے 14ویں نائب صدر جمہوریہ کے طور پر حلف لیا۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون کے اشوک ہال میں مسٹر دھنکھڑ کو نائب صدر جمہوریہ کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر مرکزی وزراء اور حزب اختلاف لیڈر ملکارجن کھرگے موجود تھے ۔مسٹر دھنکھڑ کو حال ہی میں نائب صدر کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ وہ سبکدوش ہونے والے نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کی جگہ لیں گے ۔ جناب نائیڈو کی مدت کار کل ختم ہوگئی۔ قبل ازیں مسٹر دھنکھڑ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے راج گھاٹ گئے اور گاندھی سمادھی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں راج گھاٹ پر قابل احترام باپو کو گلہائے عقیدت نذر کرکے ہندوستان کی خدمت کرنے کی ترغیب ملی۔ دھنکھر نے اپنی ابتدائی تعلیم کیتھانہ گاؤں کے سرکاری پرائمری اسکول سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ مڈل اسکول، گھردھانا اور سینک اسکول، چتور گڑھ میں تعلیم حاصل کی۔ اپنی کالج کی تعلیم کے لیے مسٹر دھنکھر نے مہاراجہ کالج جے پور میں داخلہ لیا اور بی ایس سی (آنرز) فزکس کا امتحان پاس کیا۔ اس کے بعد انہوں نے راجستھان یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز بطور وکیل کیا۔مسٹر دھنکھر 1989 میں جھنجھنو پارلیمانی حلقہ سے پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے تھے ۔ اس کے بعد وہ 1990 میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت بھی رہے ۔ مسٹر دھنکھر کو جولائی 2019 میں مغربی بنگال کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔