سرنکوٹ//سرنکوٹ میں سڑکوں کی حالت ابتر بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی حادثات بھی رونماہورہے ہیں ۔ان خراب سڑکوں کی جیتی جاگتی مثال دھندک سے ہاڑی مرہوٹ جا رہی سڑک ہے جس کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوتاہے کہ سرنکوٹ میں تعمیروترقی کے کام کس درجہ ہورہے ہیں۔سڑک کی اس خراب حالت کی وجہ سے مقامی لوگ بھی پریشان ہیں اوران کاکہناہے کہ سڑک پر بڑے بڑے کھڈے بنے ہوئے ہیں جبکہ نالیوں کا نام و نشان تک نہیں ۔انہوںنے کہاکہ سڑک کی خرابی کی وجہ سے بہت سارے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن سرکار اور ضلع انتظامیہ کو کوئی خبر نہیں ۔انہوںنے کہاکہ ضلع انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ کے آفیسران کئی بار اسی سڑک سے سفر کرچکے ہیں لیکن انہوںنے بھی کوئی توجہ نہیں دی ۔ان کاکہناہے کہ کچھ عرصہ قبل قومی شاہراہ پر بائی باس پوٹھہ سے محکمہ گریف نے سڑک کا کام شروع کیا لیکن دھندک کے مقام پر اسے روک دیاگیا۔ ہاڑی مرہوٹ کے لوگوںنے سرکار اور ضلع انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ جلد سے جلد اس سڑک کی مرمت کرے اور بلیک ٹاپ بچھایاجائے نہیں تو احتجاج کا راستہ اختیار کیاجائے گا۔