دچھن کا ضلع صدر مقام سے رابطہ 5روز سے بدستور منقطع درماندہ عوام سخت پریشان،ڈی ڈی سی چیئرپرسن کا دورہ ،ہدایات جاری

عاصف بٹ
کشتواڑ// پانچ روز قبل ہوئی برف باری کے نتیجہ میں بند ہونے والی دچھن کشتواڑسڑک ہنوز بحال نہیںہوپائی ہے جس کے نتیجہ میں دچھن کا علاقہ مسلسل ضلع صدر مقام سے کٹا ہوا ہے اور عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔25جنوری کو دچھن کشتواڑ سڑک پر ڈنگڈرو کے قریب بھاری برفباری کے سبب سڑک کا ا یک حصہ ڈھہ گیا تھا جو علاقے کو جوڑنے کا واحد سڑک رابطہ تھا۔متاثرہ سڑک کے حصہ کو ابھی تک بحال نہیں کیاگیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کا رابطہ مسلسل منقطع ہے اور عوام پریشانیوںسے دوچار ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اتنے روز گزرجانے کے بعد بھی کوئی پیشرفت نہ ہوئی جس سے انتظامیہ کی غیرسنجیدگی ظاہر ہوتی ہے ۔ انھوں نے انتظامیہ سے فوری طور سڑک کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن پوجاٹھاکر نے علاقے کا دورہ کیا اور حالات کا جایزہ لیا۔پوجا ٹھاکر نے دچھن ڈنگڈورو سڑک پر متعلقہ محکمہ کو کام دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ڈیم سائٹ کے قریب لوگوں کی حفاظت کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ چیئرپرسن نے جی ایم سی وی پی پی ایس رمیش مکھیا، ا یگزیکٹیوانجینئرپی ایم جی ایس وائی محمد اسلم کے ساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جو دورے پر انکے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے تحفظ کے معاملے کو فوری طور پر دیکھیں ۔