یو این آئی
ممبئی//دو دہائیوں پر محیط کیریئر کے بعد، ہندوستان کے بہترین ڈبلز ٹینس کھلاڑیوں میں سے ایک، روہن بوپنا نے ہفتہ کے روز پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ بوپنا نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے ٹینس سفر کے بارے میں لکھا:”جس چیز نے میری زندگی کو معنی دیے، اْس سے الوداع کیسے کہوں؟ 20 ناقابلِ فراموش برسوں کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ میں باضابطہ طور پر اپنا ریکیٹ ٹانگ دوں۔ کْورگ میں اپنی سروس بہتر کرنے کے لیے لکڑیاں کاٹنے سے لے کر دنیا کے سب سے بڑے میدانوں کی روشنی میں کھڑے ہونے تک – یہ سب ناقابلِ یقین لگتا ہے۔ ہندوستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ جب بھی میں کورٹ پر اترا، میں نے ترنگے، اْس جذبے اور اْس فخر کے لیے کھیلا۔” انہوں نے مزید لکھا:”شاید میں اب مقابلے سے الگ ہو رہا ہوں، لیکن ٹینس کے ساتھ میری کہانی ختم نہیں ہوئی ہے۔ اس کھیل نے مجھے سب کچھ دیا ہے، اور اب میں اسے لوٹانا چاہتا ہوں تاکہ چھوٹے شہروں سے آنے والے نوجوان خواب دیکھنے والے یہ یقین کر سکیں کہ اْن کی شروعات اْن کی حدوں کا تعین نہیں کرتی۔ یقین، محنت اور دل سے کچھ بھی ممکن ہے۔اس خوبصورت کھیل کے لیے میرا پیار کبھی ختم نہیں ہوگا۔ یہ الوداع نہیں، بلکہ شکریہ ہے اْن سب کے لیے جنہوں نے مجھے تراشا، میری رہنمائی کی، میرا ساتھ دیا اور مجھ سے محبت کی – آپ سب میری کہانی کا حصہ ہیں۔” 45 سالہ روہن بوپنا نے آخری بار پیرس ماسٹرز ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے قازقستان کے الیگزینڈر ببلک کے ساتھ جوڑی بنائی، لیکن وہ پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کھا گئے۔ بوپنا کے نام ایک خاص ریکارڈ بھی ہے – وہ گرینڈ سلیم اور اے ٹی پی ماسٹرز 1000 دونوں ٹائٹل جیتنے والے سب سے عمر دراز کھلاڑی ہیں۔ اب وہ 9 سے 14 دسمبر تک احمد آباد کے گجرات یونیورسٹی ٹینس اسٹیڈیم میں ہونے والی ٹینس پریمیئر لیگ (ٹی پی ایل) کے ساتویں سیزن میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ 45 سالہ ٹینس اسٹار روہن بوپنا نے گزشتہ سال آسٹریلین اوپن کا ڈبلز ٹائٹل جیتا تھا۔ انہوں نے اپنے 20 سالہ پیشہ ورانہ کیریئر میں دو گرینڈ سلیم خطاب حاصل کیے۔