دونوں ایوانوں کی کاروائی پھر ملتوی

نئی دہلی// اڈانی معاملے پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے اے سی) کی تشکیل کے مطالبے پر اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کے سبب لوک سبھا کی کارروائی منگل کو دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔پریزائیڈنگ آفیسر رما دیوی نے التوا کے بعد 2 بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی، اپوزیشن اراکین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر کرسی کے سامنے نعرے بازی شروع کردی۔ اپوزیشن اراکین نے جے پی سی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی شرع کردی۔پریزائیڈنگ آفیسر نے ہنگامہ آرائی کے درمیان ضروری کاغذات میز پر رکھے لیکن شوروغل نہ رکنے پر انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔اس سے قبل بھی وقفہ سوالات اور وقفہ صفر کی کارروائی میں میں خلل پڑا اور کارروائی شروع ہوتے ہی اراکین کی زبردست ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردی گئی۔

پریذائیڈنگ آفیسر متھن ریڈی نے ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے جیسے ہی وقفہ سوال شروع کیا اپوزیشن اراکین نے ایوان کے وسط میں آکر ہنگامہ آرائی شروع کردی۔حکمران جماعت کے اراکین بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ دونوں طرف سے ہنگامہ آرائی دیکھ کر پریزائیڈنگ افسر نے ایک منٹ کے اندرایوان کی کارروائی ملتوی کر دی۔دریں اثنا راجیہ سبھا کی کارروائی بھی ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کے باعث دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔( یو این آئی)