دورے میں ردوبدل، امیت شاہ اب3اکتوبر کی شام کو جموں پہنچیں گے

سمت بھارگو

راجوری//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورہ جموں کشمیر میں تھوڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ اب 3 اکتوبر کی شام کو جموں پہنچنے والے ہیں۔قبل ازیں مرکزی وزیر داخلہ 30 ستمبر کو اپنے تین روزہ دورے پرجموں وکشمیر پہنچنے والے تھے اور یہ 2اکتوبر کو اختتام پذیر ہونا تھا۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بی جے پی جمو صدر رویندر رینہ نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے دورہ میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ان کا دورہ 30 ستمبر کی بجائے 3 اکتوبر کو شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وزیر اعظم ٹوکیو روانہ ہوئے ہیں جس کے پیش نظر وزیر داخلہ کو دو چار دن دہلی میں ہی قیام کرنے کی صلاح دی گئی۔

 

رویندر رینہ نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے دفتر سے فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ اب وزیر داخلہ چار اکتوبر کو جموں وکشمیر آ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ راجوری میں یکم اکتوبر کو جو ریلی ہونے جارہی تھی وہ اب چار اکتوبر کو ہوگی جس کے بعد وزیر داخلہ اگلے دن یعنی پانچ اکتوبر کو کشمیر کا دورہ کریں گے۔حکام نے بتایا کہ اب وزیر داخلہ 3 اکتوبر کو جموںپہنچیں گے جہاں وہ انتظامی اور پارٹی سطح کی میٹنگ کریں گے اور ویشنو دیوی پر حاضری دیں گے۔ 4 اکتوبرکی صبح ان کی راجوری آمدہو گی جہاں وہ سلانی پل کے قریب نئے بس اسٹینڈ پر عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد مرکزی وزیر داخلہ جموں واپس آئیں گے جہاں وہ جموں اکھنور فلائی اوور پروجیکٹ کاافتتاح کرنے کے بعد کشمیر کا رخ کریں گے ۔ مرکزی وزیر داخلہ 4 اکتوبر کی شام سے 5 اکتوبر کی صبح تک دیگر میٹنگوں کے ساتھ سیکورٹی سیٹ اپ کا ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کرنے والے ہیں جس کے بعد وہ بارہمولہ میں ایک عوامی ریلی میں حصہ لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ توقع ہے کہ وہ 5 اکتوبر کی شام کو دہلی واپس آنے سے پہلے سیکورٹی فورسز کے کچھ شہیدوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔