دلواہ گول میں حکام کی لاپرواہی سے غریب کے آشیانہ کو پہنچا نقصان پی ایم جی ایس وائی سڑک سے بہنے والے برساتی پانی سے مکان کی دیوار گری

زاہد بشیر
گول// علاقہ دلواہ میں کینٹھہ مہا کنڈ روڈ پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے اراضی کی کٹائی کی تھی اور بعد میں سڑک پر نکاسی آب کے لئے کوئی نالی نہیں بنائی اور گزشتہ شدید بارشوں کی وجہ سے یہاں زمینداروں کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے فاروق احمد پاچھو نے کہا کہ وہ علاقہ دلواہ میں رہائش پذیر ہے اور مکان سے صرف دس میٹر کی دوری پر واقع سڑک جس پر پی ایم جی ایس وائی کام کر رہے تھے جنہوں نے سڑک کی تعمیرکے دوران اس کی اراضی کی کٹائی کی لیکن نا معلوم وجوہات کی بناء پر کٹائی کو ادھورا ہی چھوڑدیا اور یہاں پر سڑک کے کنارے نکاسی آب کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا ۔ فاروق احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ شدید بارشوں کی وجہ سے سارا پانی اس کے رہائشی مکان پر آیا جس وجہ سے اس کو شدید نقصان پہنچا ہے اور صحن میں دیوار مکمل طور پر ڈھہ گئی اور آہستہ آہستہ یہ کھسک رہی ہے جس وجہ سے مکان کو بھی شدید خطرہ لا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور رات کی تاریکیوں میں وہ خطرے میں ڈوبے رہتے ہیں اور اگر بارشوں کا یہی سلسلہ جاری رہا تو مکان کو شدید نقصان ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے خلاف کاروائی کی جائے اور نقصان کی بھر پائی کی جائے ۔