دفعہ 370 اور 35 اے ہمیشہ کیلئے دفن | 70 برسوں سے لوگوں کیساتھ نا انصافی ہو رہی تھی:بھاجپاجنرل سیکریٹری

یو این آئی
جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چھوگ نے اتوار کے روز کہاکہ دفعہ 370 اور 35 اے کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس قانون کی منسوخی سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو آزادی نصیب ہوئی ہے۔اْن کے مطابق جموں وکشمیر میں اسمبلی چنائو کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے۔موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ وزیر داخلہ امیت شاہ 30ستمبر کو جموں وکشمیر کے تین روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یکم اکتوبر صبح دس بجے وزیر داخلہ راجوری اور دو اکتوبر دس بجے بارہ مولہ میں عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔بی جے پی قومی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ امیت شاہ اپنے تین روزہ دورے کے دورن مختلف پروگراموں میں بھی حصہ لیں گے اور اْن کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا’ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں مرکزی حکومت نے دفعہ 370کو منسوخ کیا جس وجہ سے یہاں کے لوگوں کو حقیقی آزادی نصیب ہوئی’۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا جبکہ امن و امان کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔اْن کے مطابق پچھلے ستر برسوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہو رہی تھی لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے اْنہیں انصاف فراہم کیا۔موصوف جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں نے پتھر بازی اور بندوق کلچر کو خیر باد کہہ کر مین اسٹریم میں اپنی قسمت آزما ئی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مفتی اور عبداللہ خاندانوں نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا تھا اور یہاں کے نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی کی۔

اسمبلی چناو کے بارے میں انہوں نے کہاکہ اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد ووٹنگ لسٹ تیار کئے جارہے ہیں اور الیکشن کی سمت میں کام شدو مد سے جاری ہے اور ووٹنگ فہرست مکمل ہونے کے بعد چنائوبھی ہونگے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تین برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے، امسال سیاحتی سیزن کامیاب رہا اور لاکھوں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے جموں وکشمیر کے قدرتی نظاروں سے لطف اُٹھایا۔