سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کی تمام دستکاری کو فروغ دینے کیلئے پوری طرح پُر عزم ہے اور اس سلسلے میں کئی اقدامات کر رہی ہے ۔ ان باتوں کا اظہار مشیر نے کشمیر ہاٹ میں ونجیا سپتہ کی تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ، آزادی کا امرت مہوتسو ، جو ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے آغاز کے موقع پر ہے ۔ وانجیا سپتہ ایک دو روزہ ایونٹ ہے جو کہ دستکاری اور ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام وزارت کامرس گورنمنٹ آف انڈیا، کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل انڈیا ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ ، ڈیپارٹمنٹ آف انڈسٹریز اینڈ کامرس جموں و کشمیر کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر کشمیر ہاٹ میں تقریباً 65 سٹال لگائے گئے ہیں جو کاریگروں اور بُنکروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جو اپنے سامان کی نمائش اور مارکیٹنگ کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر مشیر بصیر خان نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر مناج سنہا پوری دُنیا میں جموں و کشمیر کی دستکاری کو فروغ دینے اور اسے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاریگروں اور بُنکروںکے معاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ کاریگروں کے بچوں کیلئے تعلیمی اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے تا کہ وہ اپنے بچوں کو بہترین تعلیم فراہم کر سکیں ۔ دستکاری اور کاریگروں کے تمام پہلوؤں پر حکومتی مداخلت کی وجہ سے مقامی دستکاری دوبارہ بحال ہو رہی ہے اور اس نے کاریگروں کو روز گار کے فائدہ مند مواقع فراہم کرنا شروع کر دئیے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت دستکاری سے متعلقہ سرگرمیاں این آر ایل ایم کے سیلف ہیلپ گروپس کے ساتھ کرے گی تا کہ ان خواتین کی معاشی سرگرمیوں کو تقویت ملے جو دستکاری سے متعلقہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ مشیر نے افسران سے کہا کہ وہ ان علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں دیگر محکموں کے ساتھ کنور جنس یا کاریگروں کو فوری پلیٹ فارم مہیا کرنے کے پروگرام ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے مختلف سٹالوں کا بھی دورہ کیا اور کاریگروں اور بنائیوں سے درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا ۔