درہال میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی رابطہ سڑکیں خستہ کھڈوں کے علاوہ نکاسی نظام بھی عوام کیلئے پریشانی کا باعث

محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کے درہال علاقہ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت تعمیر ہوئی رابطہ سڑکیں اس وقت عوام کیلئے درد سر بنی ہوئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکیں اور ان کا نکاسی نظام لوگوں کو زمینیں اور رہائشی مکانات متاثر کررہا ہے لیکن محکمہ کی جانب سے ان رابطہ سڑکوں کو مکمل کرنے اور عوام کو سہولیت فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ راجوریچوہدری ناڑ ۔ڈوڈاج رابطہ سڑک ،اوجان تا سوکڑ گلی ،پروڑی گوجرتا مندر گالہ سڑک کیساتھ ساتھ دیگر چھوٹی رابطہ سڑکیں گزشتہ کئی عرصہ سے مکمل ہی نہیں کی جاسکی ہیں جس کی وجہ سے ان رابطہ سڑکوں کی کٹائی سے آج بھی لوگوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔گوجر مہا سبھا راجوری کے صدر الحاج چوہدری غلام حیدر آتش نے کہاکہ مذکورہ رابطہ سڑکیں جہاں کھڈوں میں تبدیل ہیں وہائیں ان کھڈوں میں جمع ہونے والا پانی راہگیروں و عام لوگوں کیلئے مصیبت کا باعث بنا ہوا ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کاغذوں میں درج کام اور میٹنگوں میں لئے گئے فیصلے زمینی سطح پر لاگو ہی نہیں ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کے نوٹس میں بھی لایا گیا لیکن ابھی تک لوگوں کی مشکلات جوں کی توں ہی بنی ہوئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو جلدازجلد مکمل کر کے علاقہ مکینوں کو سہولیات دستیاب کی جائیں ۔