درہال میں دہشت گردوں کی کھلے عام نقل و حرکت واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور ایجنسیوں میں تشویش

سمت بھارگو
راجوری//درہال میں دہشت گردوں کی کھلم کھلا نقل و حرکت کے بعد سیکورٹی فورسز اور ایجنسیاں پریشانی کا شکار ہیں ۔ملی ٹینٹوں کی کھلے عام نقل و حرکت کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں گزشتہ دنوں ملی ٹینٹوں کو کھلے عام نقل و حرکت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق راجوری کے درہال علاقے میں منگل کی شام کو دو افراد کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی کوہائی الرٹ کردیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ سیاہ لباس میں ملبوس دو افراد قصبہ کی گلیوں میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد کچھ سی سی ٹی وی کا بھی تجزیہ کیا گیا جس سے اس کا پتہ چلا اور دیکھا گیا کہ دو افراد جن کے پاس ایک ہتھیار تھا،درہال قصبے کی ایک گلی سے گزر رہے تھے اور یہ واقعہ منگل کی شام دیر گئے پیش آیا جس پر درہال ٹاؤن اور اطراف کے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی شروع کر دی گئی۔تلاشی کا سلسلہ بدھ کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا جس میں فوج اور پولیس دونوں ان دو مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کیلئے ایک بڑا آپریشن کر رہے تھے۔دریں اثناء سرکاری ذرائع نے بتایا کہ درہال میں دہشت گردوں کی جانب سے فدائین حملے کی کوشش نہ صرف فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے لئے تشویش کا باعث ہے بلکہ دو مشتبہ افراد کی کھلے عام نقل و حرکت بھی ایک نیا چیلنج اور تحقیقات کا معاملہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’ہم دونوں واقعات کی تصدیق اور ان کا تعلق نہیں بتا سکتے لیکن اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ دو دن قبل درہال قصبے میں مشتبہ افراد کو منتقل ہوتے دیکھا گیا تھا جو وہی دہشت گرد ہیں جنہوں نے پرگل میں فوجی کیمپ پر حملہ کیا تھا۔ایس ایس پی راجوری محمد اسلم نے بھی کچھ انٹیلی جنس معلومات کے بارے میں تصدیق کی کہ درہال قصبہ میں دو روز قبل کچھ مشتبہ نقل و حرکت ہوئی تھی جس کے لئے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری تھیں۔

مینڈھر میں سیکورٹی بڑھ دی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر //راجوری ضلع کے درہال علاقہ میں ہوئے فدائین حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے دیگر علاقوں کیساتھ ساتھ مینڈھر سب ڈویژن میں سیکورٹی بڑھانے کیساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں ناکے لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کر دیا ہے ۔مینڈھر قصبہ میں جہاں جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کو متحرک کر دیا گیا ہے وہائیں سنگالہ ودیگر علاقوں میں ناکے لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق یوم آزادی سے قبل پیش آئے مذکورہ نوعیت کے معاملے کے بعد سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ سب ڈویژن میں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔