ریاسی//ضلع ریاسی کے سب ڈویژن درماڑی متلوت میں صبح دس بجے کے قریب بجلی کی شاٹ سرکٹ سے جرنیل سنگھ والد بسنت رام ساکنہ درماڑی متلوت کی کریانہ دوکان میں آگ لگی جس میں لاکھوں روپے کا سامان کا نقصان ہوا۔مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی بہت کوشش کی تاہم وہ آگ بجھانے میں ناکام ہوگئے۔مقامی لوگوں نے فائر سروس کو بھی بلایا لیکن دور ی کی وجہ سے فائر ٹینڈر وہاں نہیں پہنچ پائے۔اس دوران پولیس اسٹیشن ارناس سے اے ایس آئی عبدلرشید اپنی ٹیم لیکر جائے حادثہ پر پہنچے لیکن آگ کابو سے باہر ہو چکی تھی اور دکان جل کر راکھ ہو گئی تھی۔ مقامی لوگوں نے مہور تا ریاسی سڑک پر دھرنا دیا اور سڑک کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا اور محکمہ بجلی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا محکمہ بجلی کی لا پرواہی سے یہ حادثہ پیش آیا۔ یہ حادثہ پہلا نہیں تھا اس سے قبل بھی محکمہ کی لاپرواہی سے اس طرح کے کئی حادثات پیش آئے۔کئی گھنٹوں تک سڑک بند رہنے سے مہور سے ریاسی جموں جانے والے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگ مانگ کر رہے تھے کہ جب تک ضلع ترقیاتی کمشنر موقعہ پر نہیں آتے وہ دھرنا نہیں ہٹائیں گے۔آخر کار نائب تحصیلدار تھورو محمد اقبال موقع پر آئے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی مانگ کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔ نائب تحصیلدار کی یقین دہانی کے بعد لوگوں نے دھرنا ہٹایا اور سڑک کو کھول دیا۔