درخشاں اندرابی نے کشتواڑ میں تزئین و آرائش کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا کہاوقف بورڈ اب جموں و کشمیر میں برسر زمین فیصلے لیتا ہے

کشتواڑ// جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے کشتواڑ ضلع کا ایک وسیع دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران چیئرپرسن نے شاہ محمد فرید الدین بغدادی رحمۃ اللہ علیہ اور شاہ محمد اسرار الدین بغدادی رحمۃ اللہ علیہ دونوں کے مزارات پر حاضری دی۔ چیئرپرسن نے اسلامیہ فریدیہ ایجوکیشنل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کشتواڑ کا بھی دورہ کیا اور اسکول جانے والے تمام بچوں کے لیے موبائل ایپ (اسکول بی) کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر اندرابی نے وقف بورڈ یونٹ کشتواڑ کی طرف سے کی گئی کوششوں کی تعریف کی اور پوری ٹیم کو ڈیجیٹل ورکنگ سسٹم کی طرف جانے کی ہدایت کی۔ اسلامیہ فریدیہ ہائرسکینڈری سکول کے طلبااور B.Ed کے طلباء نے دو مختصر مگر متاثر کن تقاریب میں پرفارم کیا جس کی صدارت ڈاکٹر اندرابی نے کی۔اس کے علاوہ چیئرپرسن نے رکنا پلماڑ میں سخی شاہ زین الدین ولی رحمۃ اللہ علیہ کا دورہ بھی کیا اور زیارت میں سہولیات کی اپ گریڈیشن کے لیے مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے چیئرپرسن سے ملاقات کی اور زیارت کی خوبصورتی، سخی اکیڈمی کی اپ گریڈیشن اور زائرین کے لیے سرائے کی تعمیر جیسے مختلف مسائل اٹھائے۔ چیئرپرسن نے یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات کو وقف بورڈ کی طرف سے پورا کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں نے کہا کہ وقف حکام اب جموں و کشمیر میں زمینی سطح پر مسلسل کام کر رہے ہیں اور تاریخ میں پہلی بار وقف بورڈ زمینی سطح پر فیصلے کرتا ہے اور اس نقطہ نظر سے ہمیں ہر مقام پر بنیادی مسائل کو سمجھنے میں بھی مدد ملی ہے۔