بانہال // رام بن میں دارالحدیث السلفیہ امام آباد رام بن کی ایک اہم میٹنگ صدرضلع جمعیت اہلحدیث رام بن عبدالرحمان بالی کی صدارت میں دارالحدیث السلفیہ رام بن میں منعقد ہوئی جس میں معززاراکین کے علاوہ مدرسے کی انتظامیہ اور طلباء واساتذہ شریک تھے۔ اس نشست کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اسکے بعد زبیر احمد طالب علم نے درس قران علم کی فضیلت پر روشنی دالتے ہوئے کہا کہ علم کی وجہ سے قوموں نے عروج پایا ہے۔ اسکے بعد طالبعلم ذیشان حسن نے علم اور طالب علم کی فضیلت پر درس حدیث دیا جبکہ دارالحدیث السلفیہ کے پرنسپل عبدالقیوم سراجی نے مدارس اسلامیہ کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جمعیت اہلحدیث کے کردار کو مدارس اسلامیہ کے تعلق سے اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلامیہ امن وسلامتی کے گہوارے اور سرچشمے ہیں۔ انہوں نے تمام شرکاء مجلس کا شکریہ اداکیا جبکہ چیرمین دارالحدیث السلفیہ حفیظ الرحمان گنائی نے تمام شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے صدرضلع عبدالرحمان بالی کو بطور ضلع صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے تعلق سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نو منتخب صدرجمعیت اہلحدیث ضلع رام بن عبدالرحمان بالی نے ضلعی جمعیت اہلحدیث رام بن کے دفتر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ دارالحدیث السلفیہ جمعیت کا مرکزی ادارہ ہے جس نے قلیل عرصے میں لوگوں اور رفقاء کے تعاون سے دعوتی تعلیمی اورتربیتی میدان مین قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے شرکاء سے گزارش کی کہ رمضان المبارک میں جمعیت اہلحدیث کے تعمیری کاموں خاص کر دارالحدیث السلفیہ کی تعمیر کیلئے اپنا کلیدی رول اور مخلصانہ تعاون پیش کریں۔ میٹنگ میں ادارے سے منسلک تمام اسلاف کے حق مین دعاء مغفرت کی گئی اور مرحوم علامہ محمد اسماعیل اثری کے حق میں بھی دعاء مغفرت مانگی گئی۔ نشست کے آخر میں شمس الدین السلفی نے تمام مہمانون کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دارالحدیث السلفیہ کی تعمیر میں ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اسکی دوسری اور تیسری منزل کی تعمیر میں اپنا خلوص بھرا تعاون پیش فرمائیں گے بعد میں دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ میٹنگ اپنے اختتام کو پہنچی ۔