عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سرینگر میں انتظامیہ نے جمعرات کو شہر بھر میں کئی پلوں پر باڑ لگانے کا حکم دیا ہے تاکہ ان لوگوں کی خودکشی کی کوششوں کو روکا جا سکے جو دریائے جہلم میں کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
حال ہی میں، شہر میں خودکشی کی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے، جس میں سب سے حالیہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب ایک نوجوان خاتون نے حبہ کدل سے جہلم میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر بلال محی الدین نے کہا کہ کئی پلوں کے اطراف میں باڑ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ رقم بھی مختص کر دی گئی ہے۔ڈی سی نے کہا کہ باڑ لگانے کے حوالے سے ڈی پی آر مرتب کر لیا گیا ہے اور نوا کدل اور فتح کدل پلوں کے اطراف باڑ لگانے کے لیے 19-19 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔اسی طرح گا ئوکدل پل کے لیے 9 لاکھ روپے اور صفاکدل پل کے لیے 29 لاکھ روپے کا ڈی پی آر تیار کیا گیا ہے۔قمر واری میں دریائے جہلم پر نور جہاں پل کی باڑ لگانے کا کام 11 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا تاکہ مزید کسی حادثے یا خودکشی کے واقعے سے بچا جا سکے۔