خواص کے متعدد علاقے بنیادی سہولیات سے محروم رابطہ سڑکیں تعمیر نہیں ،سازو سامان کیلئے لوگ پیدل چلنے پر مجبور

محمد بشارت

کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی تحصیل خواص کے متعدد علاقوں میں بنیادی سہولیات کی شدید قلت کی وجہ سے عام لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔تحصیل کے کئی ایک دیہات ایسے ہیں جن میں آج تک رابطہ سڑکیں تعمیر نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو ساز و سامان کیلئے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔خواص کی پنچایت بیلا کی وارڈ نمبر 5کے مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس دور افتادہ علاقہ میں ابھی تک سڑک کی تعمیر یقینی نہیں بنائی جاسکی جس کی وجہ سے لوگوں کو بجلی کے ٹرانسفارمر وں کیساتھ ساتھ دیگر ساز و سامان کندھوں پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے جبکہ مریضوں اور حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران لوگوں کی مصیبت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ۔مکینوں نے سیاسی نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہاکہ عوام کو صرف ووٹ بینک کے طورپر استعمال کیاجاتا رہا ہے جبکہ زمینی سطح پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علاقوں کو رابطہ سڑک کیساتھ جوڑا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔