خواص تحصیل میں آسمانی بجلی گرنے کا واقع | کچا رہائشی مکان اور ساز و سامان تباہ ہوگیا

محمد بشارت
کوٹرنکہ//راجوری ضلع کی خواص تحصیل کے گنڈی گاؤں کے نیلی مال علاقے میں قدرتی بجلی گرنے کے بعد مکان کے ڈھانچے میں آگ لگنے سے ایک کچا مکان اور اس کے اندر پڑی گھریلو اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔یہ گھر دور دراز گاؤں گنڈی کے نیلی مال کے رہائشی علی محمد کا تھا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات نیلی مال کے علاقے میں قدرتی بجلی گر گئی جس کے بعد علی محمد کے کچے کے گھر سے آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور شعلوں نے پورے ڈھانچے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئے تاہم گھر اور اُس میں رکھا گیا ساز و سامان جل کر اکھ میں تبدیل ہو گیا ۔علاقے کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ غریب خاندان اس واقعے میں اپنا تمام گھریلو سامان کھو بیٹھا ہے اور بے گھر ہو گیا ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کی بحالی کیلئے مناسب مالی امداد کی جائے۔