خواتین کی باوقار زندگی کے وعدہ بند:الطاف بخاری اقتدار میں آئے تو33فیصد رزرویشن یقینی بنائی جاے گی |  500/300یونٹس بجلی مفت فراہم ہوگی

 

نیوز ڈیسک

جموں// اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں خواتین کوسماجی، تعلیمی، اقتصادی اور سیاسی با اختیاربنانے کی وعدہ بند ہے۔ بخاری نے کہا کہ اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آئی تو میریج اسسٹنس اسکیم کے تحت مالی معاونت بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کے ساتھ خواتین کی سرکاری ملازمتوں میں33فیصد ریزرویشن یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی ہروعدہ وفاکرنے کے لئے ہرممکن کوشش کرے گی۔بخاری اتوار کو جموں کے ڈگیانہ علاقہ میں خواتین کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ الطاف بخاری نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پارٹی کا قیام عالمی یو م ِ خواتین کے دن عمل میں لایاگیا اور اسی دن ہمیں نے لوگوں سے وعدہ کیاتھاکہ اپنی پارٹی جنس کی بنیاد پر امتیاز نہیں برتے گی، ہم جموں وکشمیر کے ہرشہری کے یکساں حقوق اور مواقعے فراہم کرنے کے وعدہ بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جموں وکشمیر میں روایتی سیاسی جماعتوں کی سیاست مذہبی وعلاقائی تقسیم اور فرقہ بندی کی بنیاد پر ہے، لیکن اپنی پارٹی ہرقسم کی تقسیم ختم کرنے کے لئے بنائی گئی ہے، ہمارا ماننا ہے کہ کرئہ ارض کے اِس خطہ پر رہنے والے ہرنفس کو بلالحاظ مذہب وملت، رنگ ونسل، ذاتی پات اور سیاسی نظریات یکساں مواقعے ملنے چاہئے ۔انہوں نے مزید کہاچونکہ خواتین کو ہمیشہ ان کے حقوق اور مواقعوں سے محروم رکھا گیا ہے، اس لئے ہمارا فرض ہے کہ ہم یہ یقینی بنائیں کہ جموں و کشمیر کی خواتین شہریوں کو سبھی حقوق ملیں۔اس موقع پر الطاف بخاری نے وعدہ کیا کہ اگر اپنی پارٹی  اقتدار میں آئی تو میریج اسسٹنس اسکیم کے تحت مالی امداد 50ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کی جائے گی اور بیوہ خواتین کی ماہانہ پنشن پانچ ہزار روپے کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اگر اپنی پارٹی کو حکومت میں خدمات کا موقع ملا تو اِس بات کو یقینی بنایاجائے گاکہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو 33فیصد ریزرویشن یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہاگرمائی ایام کے دوران جموں میں صارفین کو500یونٹس اور کشمیر میں300یونٹس بجلی مفت مہیا کی جائے گی۔ اسی طرح سرمائی ایام کے دوران کشمیر میں500یونٹس اور جموں میں300یونٹس بجلی مفت دی جائے گی۔ حکومت سالانہ فی کنبہ مفت چار گیس سلنڈر بھی دے گی۔