سرینگر//ریاست کے تینوں خطوں میں بدھ کو خلیفہ چہارم حضرت علی ؑ کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں عقیدتمندوں نے شرکت کی اور ہر نماز کے بعد تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ دوسری سب سے بڑی تقریب آثار شریف شہری کلاش پورہ میں منعقد ہوئی۔یہاں بھی ہر نماز کے بعد تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔ ایسی ہی تقاریب آثار شریف جناب صاحب صورہ، کعبہ مرگ اننت ناگ ، لالبازار، پنجورہ شوپیان، کھرم سرہامہ ، مکہ ہامہ ، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر زیارت گاہوں میں منعقد ہوئیں۔آثار شریف شہری کلاش پورہ میں نمازِ ظہر سے قبل جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑ کی تاریخ ساز اسلامی خدمات اور علمی کارنامے عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہیں۔ادھر ضلع کرگل میں نہایت ہی مذہبی عقیدت و احترام کے ماتمی جلسوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان جلسوں میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی اور نوحہ خوانی و سینہ کوبی کرتے ہوئے امام عالی مقام کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔کرگل قصبہ میں اسلامیہ سکول کرگل اور امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کی جانب سے دو بڑے جلوس برآمد کئے گئے جن میں کرگل قصبہ اور گرد و نواح کے مختلف دیہات کے لوگوں نے شرکت کی۔ یہ جلسے کرگل قصبہ کے مرکزی بازار سے ہوتے ہوئے بالترتیب احاطہ اسلامیہ سکول اور حسینی پارک کرگل میں اختتام پذیر ہوئے۔اس دوران علمائے دین نے فلسفہ شہادت حضرت امام علی ؓاور دین اسلام کی بقاء کی خاطر ان کی خدمات کو اُجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو امام ؓ کے دکھائے گئے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔ اس دوران پورے عالم اسلام اور دنیا میں امن و سکون اور بھائی چارے کے قیام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔درایں اثناء دراس، سانکو، تے سورو، شرگول، شکر چکتن اور ضلع کے دیگر علاقوں اور دیہات میں بھی ماتمی جلسوں کے بر آمد ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حضورؐ کی اطاعت امام علی ؑ کا نمایاں پہلو:آغا حسن
فرموداتِ امام کو عملی طور اپنانے کی ضرورت: آغا سید ہادی
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑے اجتماعات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں منعقد ہوئے۔ امام باڑہ بڈگام میں عقیدتمندوں سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے حضرت علی ؑکی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا حسن نے کہا کہ حضرت علی ؑوہ ذات اقدس ہیں جن کو بچپن سے ہی حضرت محمد عربیؐ کی صحبت و تربیت نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ امام علی ؑ کا کردارو عمل قرآن و اسوئہ رسولؐ کا عملی نمونہ ہے اورحضورؐکی حمایت و نصرت اور اطاعت امام علی ؑ کی سیرت کا سب سے نمایاں پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑسے محبت و عقیدت کا اولین تقاضا اطاعت رسولؐ اور شریعت کی پیروی و پاسداری ہے۔اس دوران مرکزی امام بارگاہ آیت اللہ یوسف بمنہ میں ایک بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے عقیدتمندوں نے شرکت کرکے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر وچیئرمین آیت اللہ یوسف میموریل ٹرسٹ آغا سید محمد ہادی کی پیشوائی میں نماز ظہرین ادا کی گئی۔ عزاداروں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے صدر موصوف نے امام عالی مقام کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام کی باعظمت سیرت عالم اسلام کے لئے مشعل راہ اور مسائل ومشکلات کا بہترین حل ہے۔انہوں نے کہا کہ امیرالمومنینؑ فقط جرا ت و شجاعت کے عظیم پیکر ہی نہیں بلکہ وہ حرارت ایمانی، عدل و انصاف و زہد و تقویٰ، علم و حکمت، فصاحت و بلاغت اور پیغمبر اکرمؐ کی تعلیم و تربیت کے نمونہ کامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کو فقط دعاؤں میں نہیں بلکہ ان کے فرمودات کو زندگی میں عملی طور اپنانے کی ضرورت ہے۔آغاہادی نے کہا کہ آج کا دن امام عالی مقام سے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام نے اپنی پوری زندگی تقویٰ و پرہیز گاری، وحدت ، مظلوموں کی حمایت، یتیموں سے ہمدردی کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا امام نے اپنے دور خلافت میں سماجی عدل و انصاف، مساوات، انسانی فلاح و بہبود کے اصولوں پر مبنی ایک بے نظیر حکومت کی بنیاد ڈالی ۔ انہوںنے کہا کہ اگر ہم ملت میں امن و سلامتی اور اتحاد و اخوات کے خواہاں ہیں تو ہمیں امام عالی مقام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔
امت کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ: مولانا عباس
سرینگر // اتحاد المسلمین کے اہتمام سے گنڈ حسی بٹ ،گریند بڈگام اور میرگنڈ پٹن میں عزاداری کی مجالسوں کا انعقاد کیا گیاجہاں عزادروں کی بھاری جمعیت نے شرکت کی ۔ اس حوالے سے عزاداری کی سب سے بڑی مجلس میر گنڈ پٹن میں منعقد ہوئی ۔ مجلس عزاء سے ذاکرین نے مرثیہ خوانی کرکے حضرت علی ؑ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اتحاد المسلمین کے سربراہ و بزرگ مزاحمتی رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے اپنے خطاب میں ماہ مبارک اور شب ہائے قدر کی فضیلت کے علاوہ امام علی علیہ السلام کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا ۔انہوں نے کہا کہ امت کے تمام مسائل و مشکلات کا حل امام علی علیہ السلام کی سیرت طیبہ میں مضمر ہے۔مولانا انصاری نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی ؑنے دنیائے انسانیت کوعلم و حکمت اور عدل و انصاف کا لازوال عملی درس دیا جوامت اسلامیہ کیلئے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور انسانیت کو فلاح و بہبود،کامیابی وکامرانی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑ دنیا بھر کے حریت پسندعوام اور لیڈروں کیلئے ایک آئیڈیل ہے اسلئے مزاحمتی قائدین کو چاہئے کہ وہ حضرت علی ؑ کی سیرت کا وسیع مطالعہ کرکے اپنی تحریکوں کو راہ راست پر لاکھڑا کریں۔
حضرت علی ؑ کی زندگی ملت کیلئے سبق آموز:مولانا قمی
سرینگر//پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے یوم شہادت امام علی (ع) کے سلسلے میں کئی مقامات پر عزاداری کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے امیر المومنین حضرت علی ؑکی سیرت طیبہ اور فلسفہ شہادت پر مفصل روشنی ڈالی ۔ انہوں نے عالم اسلام میں جاری خون خرابہ پر تشویش کا اظہار کیا اور فلسطین و کشمیر کی حالت زار پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم کی خاموشی کو مجرمانہ فعل قرار دیا۔ مولانا قمی نے متعدد مقامات پر عزاداری کی مجالس سے مخاطب ہوکر کہا کہ عالمی سامراج ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانان عالم کا قتل عام کروا رہا ہے اور مسلمانوں کے دیرینہ حل طلب مسائل کو جان بوجھ کر طول دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے قتل عام میں بھارت اور اسرائیل کی پشت پناہی افسوسناک اور انسانی اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔مولانا قمی نے کہا کہ امام علی علیہ السلام کی بہادرانہ زندگی ہمارے لئے سبق آموز ہے جس کی بدولت امت مسلمہ کامیابی کے مراحل تیزی کے ساتھ طے کرسکتی ہے۔ مولانا نے فلسطینی قوم کی حمایت کیلئے یوم القدس کی ریلیوں میں بھر پور شرکت کی تلقین کی۔
عالم انسانیت کیلئے عظیم مثال: انصاری
سرینگر// اعلیٰ تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عمران رضا انصاری جوجے اینڈ کے شیعہ ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں، نے جڈی بل امام بار گاہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؓ نے اپنی پوری زندگی حضر ت محمدؐکے پیغام کو عام کرنے میں گذاری۔وزیر نے کہا کہ حضرت علی ؓتمام مسلمانوں کے لئے ایک عظیم مثال ہیں اور اُن کی بہادری اور طرز زندگی نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ایک درس ہے۔انصاری نے حضرت محمد ؐ اور امام علی ؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کو درپیش مسائل کے حل کا راز انہی تعلیمات میں مضمر ہے۔بعد میں انہوں نے رمضان المبارک کی عظمت اور فضیلت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس دوران خصوصی دعائیہ مجلس کا بھی انعقاد ہوا جس میں ریاست میں امن اور خوشحالی کے لئے دُعا کی گئی۔اس موقعہ پر کئی سکالروں نے بھی موضوع کی مناسبت سے تقاریر کئے۔
1212برس قبل ذہنی مریض کی اسپتال سے پر اسرار گمشدگی