خطہ چناب کے پہاڑوںپر تازہ برف باری  | میدانی علاقوں میں بارشیں ،عام زندگی مفلوج

اشتیا ق ملک+عاصف بٹ+محمد تسکین
ڈوڈہ+کشتواڑ+بانہال//خطہ چنا ب کے تینوں اضلاع ڈوڈہ ،کشتواڑ اور رام بن میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پہاڑوںپرہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جس سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئی اور عام زندگی مفلوج ہوگئی۔
ڈوڈہ
محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق اتوار کی شب ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو پیر کے روز وقفے وقفے سے جاری رہا۔تازہ برفباری و بارشوں کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے وہیں عوامی مشکلات میں ایک بار پھر سے اضافہ ہوا ہے اور کئی دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوا ہیْڈوڈہ کے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ، سب ڈویژن گندوہ و ٹھاٹھری کے کئی مضافات سے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حالیہ دنوں کی شدید بارشوں و برفباری کی وجہ سے تعمیرات کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچا ہے اور بیشتر رہائشی مکانات کے آس پاس کی حفاظتی دیواریں بھی گر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی بھی سرکاری ٹیم نے ان بارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ نہیں لیا ہے۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ میں اتوار کی دیر رات بالائی علاقہ جات میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو سوموار کی صبح تک جاری تھی جسکے بعد رک رک کر برفباری ہوتی رہی۔ واڑون ، مڑواہ، دچھن ، مرگن ، سنتھن ، چنگام چھاترو ، پاڈر کے علاقوںمیں کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی جسکے سبب ان علاقہ جات میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے۔ رک رک کر برف باری کا سلسلہ دن بھر جاری تھا۔میدانی علاقوں میں سوموار دس بجے تک جم کر بارشیں ہوئی جسکے بعد رک رک کر بارشیں ہوتی رہیں۔ بارشوں و برفباری کے سبب عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی۔
بانہال
اتوار کی رات سے پیر کی صبح گیارہ بجے تک بانہال اور رام بن کے نچلے علاقوں میں بارشیں ہوئیں جبکہ پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے کے پہاڑوں اور بستیوں میں تازہ برفباری ہوئی ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پتھروں کے گرنے کی وجہ سے پنتھیال کے مقام اتوار کی صبح مختصر وقفے تک بند رہی اور بعد میں اسے دوبارہ بحال کرکے قابل امدورفت بنایا گیا۔