خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں برف و باراں کا سلسلہ جاری

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں برف باری و بارشوںکا سلسلہ جاری ہے ۔ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدید مذمت دوڑ گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق منگل کو بعد دوپہر ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔اس دوران جہاں رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن پیدا ہوئی ہے وہیں کئی دیہات میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مفت راشن اگر چہ اسکیل کے مطابق دیا جاتا ہے لیکن بی پی ایل و اے پی ایل زمرے میں شامل لوگوں کے لئے اضافی راشن نہیں دیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں غریب لوگوں کو مہنگے داموں میں دوکانوں سے چاول و دیگر غذائی اجناس خریدنا پڑتا ہے۔بی ڈی سی چیئرمین گندوہ چوہدری محمد حنیف و ڈی ڈی سی کونسلر بھلیسہ محمد اقبال کوہلی نے حکام سے راشن گھاٹوں پر چاول، گندم کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس، تیل خاکی و بالن لکڑی کی سپلائی وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر کشتواڑ کے میدانی علاقوں میں دن بھر بارشوںکے بعد شام کو ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا جبکہ بالائی علاقوں میں بھی دن بھر برف باری ہورہی تھی۔رام بن ضلع کے بانہال سب ڈویژن میں برفباری اور رام بن میں بارشوں کا سلسلہ جاری تھاجبکہ گول سب ڈویژن میں بھی برف باری و بارشیں جاری تھیں۔