خطہ چناب کے تینوںاضلاع او ر میدانی جموں میں شدید برف وباراں | رام بن ،ڈوڈہ و کشتواڑ کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں مسدود،بجلی و پانی کی سپلائی متاثر،نتھا ٹاپ میں سیاحوں کو بچایا گیا

عاصف بٹ+اشتیاق ملک+محمد تسکین+زاہد بشیر
جموں//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق خطہ چناب اور کٹھوعہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جم کر برف باری ہوئی جبکہ جموں اور چناب کے میدانی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں جس سے معمول کی زندگی متاثر ہوکررہ گئی اور لوگوںنے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔
جموں
میدانی جموں کے جمو ں،کٹھوعہ ،سانبہ اور ادھم پور اضلاع میں جم کر رات سے بارشیں ہوئیں اور پورا دن بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس سے ندی نالوںمیں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ۔کٹھوعہ اور ادھم پور کے بالائی علاقوں بشمول کٹرہ ا ور ریاسی کے بالائی علاقوں میں جم کر برف باری ہوئی اور آخری اطلاعات ملنے تک برف باری جاری تھی ۔معلوم ہوا ہے کہ ڈوڈ و بست گڑھ،بنی بسوہلی بھدرواہ روڈ ،چنینی ،پتنی ٹاپ علاقوں میں برف مسلسل ہورہی تھی۔برف اور بارشوں سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
کشتواڑ
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوںمیں برفباری اورمیدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دن بھرجاری رہاجسکے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکرر ہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی دیررات سے ہی بارشوں و برفباری کا سلسلہ اگرچہ شروع ہوچکا تھا تاہم سوموار کی صبح مزید تیز ہوگیا جو دن بھر جاری رہا۔ بالائی علاقوںمیںدن بھر برفباری ہوتی رہی جن میں مڑواہ، واڑون ،دچھن ،پاڈر ، بونجواہ، سروڑ، کیشوان چنگام ، ہڑنا ،مچیل و دیگر مقامات میں دو انچ سے ا یک فٹ تک تازہ برفباری درج کی گئی جسکے سبب ان علاقہ جات میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگ گھروں میں ہی محصور ہوکررہ گئے۔ سب ڈویژن چھاترو کے سنگپورہ سے ملی تفصیلات کے مطابق علاقے میں برفباری کے سبب رہایشی مکان کو نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس نے اسکی تصدیق نہیں کی۔پولیس نے بتایا کہ وہ اسکی تحقیقات کررہے ہیں کہ واقعہ برفباری کے سبب پیش آیا ہے یا نہیں۔اس دوران میدانی علاقوںمیں بھی دن بھر بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہا۔قصبہ کی متعدد سڑکیں و گلی کوچے زیرآب آنے سے راہگیروں کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ ضلع کی متعدد اندرونی سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہوئی تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا۔دورافتادہ علاقوںمیں بجلی بھی غایب رہی جسے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔ دیرشام 132کے وی ترسیلی لاین میں خرابی آئی جسکے سبب دونوں اضلاع ڈوڈہ وکشتواڑ میں کئی گھنٹوں تک بجلی غایب رہی جس کو دیر گئے بحال کردیاگیا۔ انتظامیہ نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر بالائی علاقہ جات میں برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جار ی کی ہے اور لوگوں سے بلاجواز گھروں سے باہرنہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ ضلع میں اتوار و پیر کی درمیانی شب کو شروع ہوئی بارشوں و برفباری کا سلسلہ پیر کے روز دن بھر جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کی شام سے ہی ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو پیر کو دن بھر جاری رہا۔ بارشوں و برفباری کی وجہ سے جہاں بجلی کے ترسیلی نظام کو ایک بار پھر بھاری نقصان پہنچا ہے وہیں ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ کی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن پیدا ہوئی جبکہ اندرونی دیہات کی سڑکوں پر برف کی وجہ سے ٹریفک نظام معطل رہا تاہم اہم شاہراہوں پر ٹریفک وقفے وقفے سے جاری رہا۔ سب ڈویژن گندوہ کے بلاک چلی پنگل،جکیاس ،چنگا ،بھلیسہ و ایڈیشنل ضلع بھدرواہ و سب ڈویژن ٹھاٹھری کے کئی علاقوں سے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوا ہے اور متعدد مقامات پر رہائشی مکانات کے نزدیک زمینیں کھسکنے و پسیاں گرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے۔ سرپنچ پنچائت منو بی چوہدری شیر محمد، سابق سرپنچ کالجگاسر بال کرشن پٹھانیہ، سرپنچ ڈھڈکائی چوہدری عبدالطیف نے کہا کہ رابطہ سڑکیں و پگڈنڈی راستے برفباری و بارشوں سے تباہ ہوئے ہیں اور کئی تعمیرات کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا محکمہ تعمیرات عامہ کی زیر نگرانی ٹھیکیداروں نے پہلے ہی برف و پسیاں ہٹانے کے لئے ٹنڈر پر کام لئے ہیں لیکن وہ وقت پر سڑکوں سے برف نہیں ہٹاتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے متعلقہ محکموں کو جوابدہ بنانے و عوام کو شفاف راحت پہنچانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ضلع انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے غیر ضروری سفر سے احتیاط کرنے و ایمرجنسی کے دوران (پی سی آر ڈوڈہ) 01996-233530 و ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم 01996.233337 کے نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
رام بن
ضلع رام بن کے علاقوں میں برفباری کی وجہ سے کھڑی ۔ مہو منگت ، ترگام ، پوگل پرستان ، نیل چملواس اور گول سنگلدان کی رابطہ سڑکیں منقطع ہوگئی ہیں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں معمول کی زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ باںہال ، ٹھٹھاڑ، نوگام ، جواہر ٹنل اور لامبر میں تین انچ سے ایک فٹ تک جبکہ مہو منگت ، باوا ، اکھرن ، سراچی ، ترگام ، نیل ، پوگل پرستان ، سینابتی ، گول اور رام بن کے اوپری علاقوں میں چھ انچ سے ایک فٹ تک تازہ برفباری ہوئی ہے اور ہلکی برفباری کا سلسلہ پیر کی شام تک جاری تھا ۔ ضلع رام بن میں برفباری سے متاثرہ کئی علاقوں میں بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہیں ۔ ادھررام بن کے سیاحتی مقام ناتھا ٹاپ پر اْتر پردیش سے تعلق رکھنے والے تین سیاحوں کو پولیس نے محفوظ جگہ منتقل کیا۔ رام بن پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ سیاحتی مقام نتھا ٹاپ پر تین سیاح برف باری میں پھنس کررہ گئے ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقام کی اور منتقل کیا۔انہوں نے بتایا کہ شدید برف باری اور سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی پولیس ٹیم نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر سیاحوں کو بچایا۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہا ہے۔
گول
گزشتہ شب سے گول وملحقہ جات میں شدید برف باری اور بارشوں کی وجہ سے جہاں سڑک رابطے مسدود ہوکررہ گئے وہیں لوگ بھی گھروں میں محصور بن کررہ گئے ہیں۔گول و بالائی علاقوں میں دن بھر برف باری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں میں شدیدبارشیں ہوئیں اور ندی نالوں میں طغیانی کی سی صورتحال بنی رہی۔ اس دوران گول رام بن شاہراہ کے چھپرن علاقے میں نالے میں کافی زیادہ پانی اور پتھرگر آئے جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک یہاں پرشاہراہ بند رہی وہیں دھرم کنڈ کے نزیک کندا علاقہ میں بھی پسی اور پتھر گر آنے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک شاہراہ بند رہی۔اس دوران داڑم سڑک پربھی نالے میں پسی گر آنے کی وجہ سے روڈ بندہوا۔گول مہور بھی دگن ٹاپ میں شدیدبرف باری کی وجہ سے شاہراہ پر آمدورفت بندہوئی۔گول میں چھ انچ کے قریب شام تک برف جمع ہوئی اور بالائی علاقوں گاگرہ،کلی مستا،بھیمداسہ ،ملاکنڈ،ڈھیڈہ وغیرہ علاقوں میں بھی برف باری ہوئی۔ سنگلدان،دلخواہ،اشمار،بڑا کنڈ،داڑم،ہیلہ ،تتاپانی،ہڑوگ،دھرمکنڈ علاقوں میں کل شام سے ہی شدیدبارشیں ہوئی جس وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کررہ گئی اور لوگ گھروں میں ہی محصور رہے تاہم اس دوران گول سنگلدان شاہراہ پربدستور ٹریفک بحال رہا۔

 

قلعہ ٹاپ پارک کی دیوار کا بڑا حصہ دھنس گیا
عاصف بٹ
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ کے مرکز میں واقع گزشتہ تیرہ برسوں سے زیر تعمیر قلعہ ٹاپ کی دیوار کا بڑا حصہ سوموار کی صبح بارشوں کے سبب دھنس گیا جسکے سبب مقامی لوگوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوموار کی صبح قلعہ ٹاپ پارک کی دیوار کا بڑا حصہ دھنس گیا تاہم اسمیں کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور اگر جلدکوئی قدم نہ اٹھایا گیا تو مزید دیوار کا حصہ گرسکتا ہے۔مقامی لوگوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوے انتظامیہ سے فوری طور کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ تیرہ برسوں سے پارک کی تعمیر کا کام جاری ہے لیکن باوجود اسکے آج تک اسے مکمل نہیں کیا گیا۔ انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ متعلقہ محکمہ کے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔

 

کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر بھاری پسی گرآئی | تین گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک بحال
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کو جوڑنے والی کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر پھاگومڈ کے قریب سوموار کی صبح بھاری پسی گرآنے کے سبب آمدورفت کیلئے بند ہوگئی جسے قریب تین گھنٹے کی کڑی مشقت کے بعد دوبارہ آمدورفت کیلئے بحال کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ پھاگومڈ کے قریب پیش اس وقت پیش آیا جب سڑک کی کشادگی کے دوران پہاڑی کا بڑا حصہ ڈھہ گیا جس دوران دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔بعد ازاںاین ایچ آئی ڈی سی ایل نے سڑک پر سے پسی ہٹانے کا کام شروع کیا اور قریب تین گھنٹے کی مشقت کے بعد سڑک کو دوبارہ آمدورفت کیلئے بحال کردیاگیا۔ انتظامیہ نے لوگوں سے بلاجواز سفر نہ کرنے کی تلقین کی ہے۔