ڈوڈہ// خطہ چناب میں آل جموں کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کی جاری کام چھوڑ ہڑتال نویں روز میں داخل ہو گئی ہے ۔ ڈوڈہ میں احتجاجی دھرنا پر بیٹھے پٹواریوں نے اپنے مطالبات کو لے کر شدید نعرہ بازی کی ۔ صدر ڈوڈہ ریاض احمد لون ، مرکزی مجلس عاملہ کے رکن شبیر احمد لون ، صدر تحصیل ڈوڈہ شوکت حُسین فلاحی ، سیکریٹری تحصیل طارق حُسین ، شکیل احمد شنالی ، محمد اکبر بٹ، جسونت سنگھ تعظیم حمید آخون طاہر نقاش نے خطاب کے دوران کہا کہ ہمارے جو بھی مطالبات ہیں وہ صرف ہمارے نہ ہیں بلکہ ان سے براہ راست عوامی مفاد جڑا ہے اور حکومت کے تسلیم شُدہ ہیں مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پٹواری چونکہ گریجویٹ ہوتا ہے اس لئے دیگر محکموں میں گریجویٹ ملازمین کا گریڈ ہونا چاہئے جس کو کم کیا گیا ہے ۔ پٹوار خانوں کی تعمیر تک اور نجی مکانات میں چلائے جانے والے پٹوار خانوں کو مطابق مارکیٹ ریٹ کرایہ دیا جائے اور محکمہ جاتی ترقیوں کو وقت مقرر پر دینے کے لئے مضبوط ضابطہ اخلاق و قانون بنایا جائے اور پٹواریوں کو سائل خرچہ میں اضافہ ہو کہ موجودہ 110روپے انتہائی ناکافی اور مذاق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جاتی شکایتی سیل کا قیام اور جموں و سری نگر میں ایسوسی ایشن کو دفتر کمرہ ہال فراہم کیا جائے اور اگر یہ مطالبات جلد سے جلد تسلیم نہ ہوئے احتجاجی ہڑتال جاری رہے گی ۔دریں اثناء چناب گروپ آف سیول سوسائٹی کے ترجمان نے معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے ہاں حکومت کا یہ معمول ہے کہ جب تک لوگوں سے قربانیاں نہ لی جائیں اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہیں اور پٹواری سماج کا اہم و بنیادی جُز ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ ان کے بوجھ کو کم کیا جائے۔ ادھر کشتواڑ میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔ہڑتال سے محکمہ مال کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہوئی ۔کشتواڑمیں احتجاجی پٹواری ڈی سی آفس کمپلیکس میں دھرنے پر بیٹھ گئے۔کشتواڑ پٹوار ایسو سیا یشن کے ضلع صدر ناصر بٹ نے اس موقعہ پر الزام لگایا کہ سرکار نے انکے جائز مطالبہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کی لیکن بعدکُچھ بھی نہیں کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے انہیںاحتجاج کے سوا کوئی اور چارہ نہیں ہے۔احتجاج میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک انکے جائز مطالبات حل نہیں کئے جاتے ہیں تب تک پٹواری اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ ادھر رام بن میں ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھے پٹواری لگاتار نویںروز بھی اپنے مطالبات کو لیکر دھرنا دے رہے ہیں جس میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔ہڑتال سے محکمہ مال کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ ہر بار انکے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔احتجاج میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔مقررین نے سرکار پر زور دیا کہ وہ پٹواریوں کے مطالبات فوراً حل کرے ،تاکہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔پٹواری اپنے لئے تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپنے مطالبات کا اعادہ کرتے ہوئے یونین کے ضلع صدر مرزا زاہد چودھری نے کہا کہ پٹواری نائب تحصیلدار وں کی راست بھرتی پر پابندی ،پٹواریوں اور جی کئیوز کے الائونس میں اضافہ اور گرداور قانون گو سرکل اور پٹواری حلقہ بنانے ، پرائیویٹ ایکموڈیشن کی صورت میںپٹوار خانوں اور میٹنگ ہالوں کے لئے کرایہ ، جموں اور سرینگر اضلاع میں پٹوار ایسو سی ایشن کا دفترقائم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں ایسو سی ایشن کے ضلع صدر نے کہا کہ وہ تب تک اپنااحتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ انکے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہیں۔انہوں نے ہڑتال کے لئے انتظامیہ کو ذمہ وار قرار دیا ۔