خطہ پیر پنچال کے پونچھ ،منڈی ،مینڈھر اور سرنکوٹ میں بھی جلوس نکالے گئے

حسین محتشم+جاوید اقبال
پونچھ//یوم عاشورہ کے موقع پر دنیا بھر کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی سید الشہدا حضرت امام حسین اور ان کے اصحاب باوفا کی مظلومانہ شہادت کی یاد انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی اور ضلع کے مختلف قصبوں میں جلوس عزاء برآمد کرکے عزاداروں نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کو ان کے مظلوم لال کا پْرسہ دیا۔پونچھ کے صدر مقام کے علاوہ منڈی، مینڈھر اور گورسائی میں یوم عاشور کے جلوس برآمد کئے گئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مخصوص مقامات پر اختتام پذیر ہوئے ہیں۔

پونچھ کے صدر مقام پر انجمن جعفریہ پونچھ کی جانب سے تکیہ سید پہلوان شاہ سے جلوس سید الشہدا امام حسین علیہ الصلوات والسلام بر آمد ہو کر امام بارگاہ پونچھ میں اختتام پزیر ہوا۔ جلوس عزا کے دوران جہاں عزاداروں اور سوگواروں نے لبیک یاحسین کی صداؤں کے ساتھ ساتھ نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی وہی علمائے کرام اور سیاسی و سماجی شخصیات نے خطاب کر کے شہیدان کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔تحصیل منڈی کے صدر مقام پر انجمن تنظیم المومنین کے زیر اہتمام امامیہ پارک منڈی سے جلوس عزا برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے امام بارگاہ قدیم میں اختتام پزیر ہوا۔

جلوس عزا کے دوران انجمن گلش حسینی پلیرہ، انجمن رضائے آل محمد ساتھرہ، انجمن منتظریہ پنیالی، انجمن جعفریہ سرنکوٹ، انجمن انصار المہدی، انجمن حسینی کلر کٹل کے ماتمی دستوں نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں نوحہ و ماتم کرکے شہدائے کربلا کے غم میں آنسو بہا کر انہیں دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کیا۔مدرسہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام گورسائی حسین آباد کے زیر اہتمام یوم عاشورہ پر یوم عاشور کے جلوس عزا برآمد ہوئے اور اور ماتمی دستوں نے منظم انداز میں سڑکوں پر نوحہ و ماتم کرکے کربلا والوں کی عدیم المثال قربانی کو یاد کیا۔

انجمن حیدری مینڈھر کی جانب سے بھی فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ الصلوات والسلام کی یاد میں جلوس عزاء کے دوران سڑکوں پر ماتمی دستوں نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرکے سید الشہدا کی مظلومیت پر اشک ماتم بہائے جبکہ علمائے کرام اور ذاکرین نیواقعہ کربلا اور فلسفہ قیام حسینی پر روشنی ڈالی اور اہلبیت رسول کے مصائب بیان کرکے ، عزاداروں کو مثاب کیا-ان سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جلوسہائے عزا برآمد ہوئے اور عزاداران مظلوم کربلا نے سیدہ کے لال کا ماتم کیا اس موقع پر کربلا والوں کی پیاس کی یاد میں جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئیں۔