خبر کااثر | بی جی ایس بی یونیورسٹی رابطہ سڑک پر کام شروع

سمت بھارگو
راجوری//کشمیر عظمیٰ اخبار میں راجوری شہر سے بی جی ایس بی یونیورسٹی جانے والی مین سڑک کی خستہ حالی کے بارے میں ایک خبر شائع ہونے کے صرف دو دن بعد محکمہ تعمیرات عامہ نے سڑک کے ایک حصے پر بلیک ٹاپنگ کے کام کا آغاز کیا ہے۔کشمیر عظمیٰ نے اپنے 25 ستمبر کے ایڈیشن میں ایک خبر شائع کی تھی جس میں مذکورہ رابطہ سڑک کی انتہائی خستہ حالی کیساتھ ساتھ یونیورسٹی میں جانے والے طلباء و ملحقہ دیہات کی عوام کو درپیش مشکلات کی عکاسی کی گئی تھی تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے اب اس سڑک پر تعمیر اتی عمل شروع کردیا گیا ہے

۔شائع ہوئی خبر کے صرف دو دن کے اندر محکمہ تعمیرات عامہ نے شیما موڑ سے پولیس جی او میس براستہ ڈھنی دھار باؤلی تک سڑک کی بہتری کے لئے کام شروع کر دیا ہے جو کہ سب سے مصروف ترین سڑک ہے کیونکہ مذکورہ سڑک کھیورہ اور راجوری ہسپتال جانے کیلئے بھی ایک متبادل سڑک ہے ۔متعلقہ محکمہ کے انجینئر نے بتایا کہ محکمہ نے عوامی مسائل کو دیکھتے ہوئے رابطہ سڑک پر تار کول بچھانے کا عمل شروع کردیا ہے جو کہ ایک سے دو دن میں مکمل کر لیا جائے گا ۔