عظمیٰ نیوزسروس
جموں//اپنی پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ جموں کشمیر میں ایک موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی تاکہ عوامی مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جاسکے۔ پارٹی نے جموں کشمیر کے ریاست کے درجے کی بحالی کےلئے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی قیادت اور جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے سینئرکارکنان کا ایک غیر معمولی اجلاس جموں میں منعقد ہوا، جس میں جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، بعض اہم تنظیمی امور اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور اس تناظر میں کئی اہم فیصلے لئے گئے۔بیان میں کہا گیا ’’اس موقع پر جموں سے تعلق رکھنے والے لیڈران اور سینئر کارکنان نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو جموں خطے کے مختلف علاقوں میں پارٹی کی کارکردگی اور کارکنان کے کام کاج کے حوالے سے فیڈ بیک فراہم کیا۔‘‘بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’انہوں نے پارٹی کے کئی اہم معاملات کو قیادت کی نوٹس میں لایا، اپنی آرا بھی پیش کیں، اور مختلف مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر تنظیمی امور کو حل کرنے کےلئے کئی اہم فیصلے لئے گئے۔‘‘اس موقعے پر اپنے ساتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ وہ عوامی مسائل اور شکایات سے باخبر رہیں۔انہوں نے کہا، ’’یہ پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوام سے قریبی طور جڑے رہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم عوامی مسائل سے پوری طرح آگاہ رہیں تاکہ ہم ان مسائل کو فوری طور حل کرانے کےلئے انہیں متعلقہ حکام کی نوٹس میں لاسکیں۔ ہمیں حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھنی ہوگی تاکہ حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے حوالے جوابدہ بنایا جاسکے اور لوگوں کو ایک شفاف طرز کی حکومت فراہم کی جاسکے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ عوام کے ساتھ ان کی آواز بن کر ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑے رہیں گے۔