حکومت غریبوں کی فلاح کیلئے پرعزم ۔ 2014سے قبل ملک میں بدعنوانی کاراج تھا،آج حالات مختلف ہیں:وزیراعظم

 ایجنسیز

سرینگر // بھاجپاکی مرکزی حکومت گزشتہ نو سالوں میں عوام کی خدمت، گڈ گورننس اور غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے وقف رہی ہے۔ا سبات کااظہاروزیر اعظم نریندر مودی نے کیاہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2014 سے پہلے لوگ بدعنوانی کے خلاف سڑکوں پر تھے اور بڑے شہروں میں دہشت گردانہ حملے ہورہے تھے، جبکہ کانگریس نے ریموٹ کنٹرول سے حکومت چلائی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا ہندوستان کے بارے میں بات کر رہی ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان انتہائی غربت کے خاتمے کے بہت قریب ہے۔

 

 

راجستھان کے دورے کے دوران ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک مرتبہ پھر کانگریس کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس کے پاس ضمانتوں کا ایک نیا فارمولہ ہے۔ لیکن کیا وہ اپنی ضمانتیں پوری کر رہی ہیں؟ ان کی ضمانتیں ملک کو دیوالیہ کر دیں گی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا ’’پچاس سال پہلے، کانگریس نے ضمانت دی تھی کہ وہ غربت کو دور کرے گی۔ لیکن یہ غریبوں کے ساتھ ان کا سب سے بڑا دھوکہ نکلا۔‘‘انہوں نے کہا ’’غریبوں کو گمراہ کرنا اور انہیں محروم رکھنا کانگریس کی پالیسی رہی ہے۔ راجستھان کے لوگوں کو بھی اس کی وجہ سے بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے… اور راجستھان کو کیا ملا ہے؟ ایسی حکومت جہاں ایم ایل اے، سی ایم (وزیر اعلی) اور وزیر آپس میں لڑتے ہیں۔‘‘وزیر اعظم نے مزید کہا ’’مرکز میںموجود بی جے پی کی حکومت گزشتہ نو سالوں میں عوام کی خدمت، گڈ گورننس اور غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے وقف رہی ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014 سے پہلے لوگ بدعنوانی کے خلاف سڑکوں پر تھے اور بڑے شہروں میں دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے جبکہ کانگریس نے ریموٹ کنٹرول سے حکومت چلائی ۔ کانگریس نے ایک بدعنوان نظام تیار کیا جس نے ملک کا خون چوس لیا اور ترقی میں رکاوٹ ڈالی، انہوں نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ایک پرانے تبصرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 100 پیسے میں سے صرف 15 پیسے غریبوں تک پہنچتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا’’ دنیا ہندوستان کے بارے میں بات کر رہی ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان انتہائی غربت کے خاتمے کے بہت قریب ہے‘‘۔