حکومت تمام طبقوں کی مساوی ترقی کیلئے وعدہ بند:منوج سنہا کئی وفود اور سیاسی شخصیات لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی

سرینگر//قانون سازکونسل کے سابق نائب چیئرمین اور نیشنل کانفرنس کے پیرپنچال زون کے صدرجاویدرانا نے یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ملاقات کی۔جاویدرانانے قبائلی لوگوں کی فلاح بہبود کیلئے انقلابی اقدام کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے علاقے کے مختلف زیرالتواء مسائل جیسے پی ڈبلیوڈی ڈویژن،گرڈ اسٹیشن ،آوٹ ڈور اسٹیڈیم،دناشاستریونیورسٹی کمپس کاقیام وغیرہ ،نوٹس میں لائے ۔اسی طرح بھاجپااقلیتی مورچہ کے سیکریٹری منظوراحمدخان نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اورجموں کشمیرمیں اقلیتوں سے متعلق ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔انہوں نے اس کے علاوہ رنبیر پورہ مٹن واٹر سپلائی اسکیم،سکھ نوجوانوں کیلئے خصوصی روزگار پیکیج ،پبلک سروس کمیشن میں سکھ طبقے کی نمائندگی اورپختونوں،پٹھانوں کو پہاڑی بولنے کی سنددینے کامطالبہ کیا۔ اس کے بعد شری الکھ سبھاٹرسٹ کے ممبران نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اورانہیں چشمہ شاہی میں ماتا شری روپ بھوانی مندر کی تعمیر ومرمت کرنا کامطالبہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے وفود کوبغور سنااور ان کی طرف سے پیش کئے گئے معاملات کوترجیحی طور حل کرنے کا یقین دلایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت تمام فرقوں اورطبقوں کی مساوی ترقی کیلئے وعدہ بند ہے۔