حد متارکہ کے نزدیک باراتیوں کی گاڑی الٹ گئی | 20افراد زخمی ،زخمیوں کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتا ل داخل کروایا گیا

پرویز خان
منجا کوٹ //راجوری ضلع کے ترکنڈی علاقے میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک سڑک حادثے میں کم از کم 20افراد زخمی ہو گئے جن کو علاج معالجہ کیلئے منجا کوٹ اور گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری بھرتی کروایا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ایک کینٹر بس جو کہ بارات کا حصہ تھی راجدھانی ترکنڈی ایل او سی روڈ پر چل رہی تھی جب پیریالی میں ڈرائیور نے گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا اور وہ ایل او سی روڈ کے درمیان میں الٹ گئی ۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعدقریبی راشٹریہ رائفلز کیمپ سے فوج کی کوئیک ری ایکشن ٹیمیں (QRTs) موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا جس کے دوران تمام زخمیوں کوگاڑی سے نکال کر ہسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کیا ۔پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو فوجی ٹیموں نے موقع پر طبی ابتدائی طبی امداد دی جس کے بعد انہیں منجاکوٹ کے سول اسپتال ریفر کیا گیا جہاں سے سات زخمیوں کو مزیدعلاج معالجہ کیلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کردیا گیا ۔گور نمنٹ میڈیکل کالج کے ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال انتظامیہ نے ہنگامی خدمات کو متحرک کرتے ہوئے ہسپتال پہنچائے گئے زخمیوں کا علاج معالجے کا عمل شروع کیا ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری ہسپتال میں پہنچئے گئے زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ سب کی حالت مستحکم ہے۔ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمیوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ زخمیوں کو مناسب طبی علاج فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔

 

گاڑیوں کے تصادم میں نوجوان شدید زخمی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ لسانہ کے مقام پر موٹر سائیکل اور آلٹو کار میںہوئے آپسی تصادم کے دوران موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا ۔مقامی ذرائع کے مطابق لسانہ میں ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK02BB/ 6381 اور ایک الٹو کار زیر نمبر JK02V/8841 کے مابین تصاد م ہوا جس میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا ۔زخمی کی شناخت انضمام الحق ولد محمد رفیق سکنہ دھندک عمر تقریباً 26 سال کے طورپر ہوئی ہے ۔زخمی کو مکینوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیاگیا ۔اس واقعہ کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے سرنکوٹ پولیس سٹیشن میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 415 زیر دفعہ 279/337 کے تحت معاملہ درج کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔