پہلگام میںسیاسی و غیر سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں، آج سے جموں کا دورہ کرینگے
سرینگر//سرینگر میں حد بندی کمیشن کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے ایک دن بعد ، کمیشن کے اراکین نے پہلگام میں جنوبی کشمیر کے 4ضلع ترقیاتی کمشنروں سے موجودہ اسمبلی حلقوں کے جغرافیائی حدود، آبادی اور انکے محل وقوع پر تبادلہ خیال کیا۔ نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور دیگر جماعتوں کے ممبران نے حد بندی مشق کو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں منعقد کرنے پر زور دیا جبکہ بی جے پی نے’’ ایس سی اور ایس ٹی ‘‘زمرے کیلئے ریزرویشن اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں اننت ناگ ضلع سے ایک اورنشست شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔حد بندی کمیشن بدھ کو پہلگام کلب پہنچا جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروںسے ملاقات کی گئی۔نیشنل کانفرنس کے سابق قانون ساز الطاف احمد کلو نے پارٹی وفد کی قیادت کی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کلو نے کہا کہ پارٹی نے سرینگر میں پارٹی کے مرکزی لیڈراںکے ذریعہ کمیشن کے سامنے پہلے سے پیش کردہ نقطہ نظر کی حمایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یادداشت بھی پیش کی اور کمیشن سے اپیل کی کہ بہتر ہوتا اگر جموں و کشمیر کو حد بندی سے پہلے مکمل ریاست کا درجہ حاصل ہوجاتا۔ ان کا کہنا تھا’’ بہر حال ، ہم نے کمیشن پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ضلع یا علاقے کے ساتھ کسی نا انصافی کے بغیر آزادانہ اور منصفانہ انداز میں حد بندی کی مشق کریں‘‘۔کانگریس کے سابق قانون سازگلزار احمد وانی کی سربراہی میں وفد نے پینل سے ملاقات کی اور کہا کہ انہوں نے سرینگر میں پارٹی کے سربراہ کی طرف سے کمیشن کو جمع کرائے گئے میمورنڈم کا اعادہ کیا ۔ان کا کہنا تھا’’لوگوں کو جو بھی خدشات ہیں ، ہم نے کمیشن کو اسی بارے میں آگاہ کیا‘‘۔جموں و کشمیر ’اپنی پارٹی‘ کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے بھی وفد کی قیادت کی اور اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ان کا کہنا تھا’’سب سے پہلے ، ہم توقع نہیں کر رہے تھے کہ 2026 تک حد بندی ہوگی کیونکہ مشق منجمندتھا لیکن اب جب سیاسی پیشرفت ہوچکی ہے تو ہم نے فیصلہ نہیں کیا کہ وہ دور نہیںرہیں گے اور اپنا نقط نظر پیش کریں۔ ان کا کہنا تھا’’ہم نے زور دے کر کہا کہ کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا وہ شفاف طریقے سے ہونا چاہئے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ، یہ اعتماد سازی کا بہتر اقدام ہوگا‘‘۔بی جے پی رہنما محمد رفیق وانی نے کمیشن سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے اننت ناگ ضلع کیلئے ایک اور اضافی نشست کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کولگام ضلع کے ساتھ ایک بہت بڑی ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی لیڈروںنے ایس سی اور ایس ٹی زمرے کے لوگوں کے لئے ریزرویشن کا مطالبہ کیا ہے۔پہلگام میں پینل سے ملاقات کرنے والے دیگر وفود اور لیڈروں میں سی پی آئی (ایم) کے محمد افضل پرے ، یوتھ آف سوشل اینڈ وکاس فاونڈشن اننت ناگ کے چیئرمین منور احمد ،اور گوجر اتحاد اننت ناگ کے، ہارون کھٹانہ ، پہاڑی کلچر اینڈ ویلفیئرکے شریف احمد ، شیخ ا لعالم ٹرسٹ اننت ناگ کے بلال احمد میر ، گجر اور بکروال کانفرنس جموں کے محمد یٰسین پوسوال اور سکھ ویلفیئر سوسائٹی اننت ناگ مشہور سنگھ شامل ہیں۔کمیشن نے سرینگر واپسی کے بعد وسطی و شمالی اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کیساتھ اسمبلی حلقوں کی موجودہ حد بندیوں اور حلقہ وار آبادی کے حوالے سے بات چیت کی۔کمیشن آج سے جموں کا دو روزہ دورہ کریگا۔