حج- 2023|| قرعہ اندازی میں تکنیکی خرابی پیدا تقریباً5ہزار کی مکمل،بانڈی پورہ،ریاسی، رام بن، کھٹوعہ، ادہمپوراورکشتواڑکے سبھی عازمین منتخب

۔ 70سال کے 1320افراد اور بغیر محرم132خواتین بھی حج کا فریضہ انجام دیںگی

اشفاق سعید

سرینگر// حج- 2023 کی قرعہ اندازی کے دوران سسٹم میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پورے ملک میں یہ عمل مکمل ہونے سے رہ گیا لیکن تب تک جموں کشمیر سے تقریباً 5ہزار کے قریب عازمین کی قرعہ اندازی مکمل ہوئی تھی۔حج ایگزیکٹو آفیسر عبدالسلام میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تکنیکی خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور امید ہے جلد ہی اسے ٹھیک کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اس سال حج 2023 کے لیے کل 14271 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا”پہلی بار بغیر محرم کے خواتین کو حج پر جانے کی اجازت دی گئی ہے اور اس سال بغیر محرم کے 132 خواتین درخواست گزاروں کا انتخاب کیا گیا ہے‘‘۔

 

میر نے مزید کہا کہ 70 سال سے زیادہ عمر کے 1320 افراد کو بھی محفوظ زمرہ کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کی سہ پہر 3بجے ملک بھر میں عازمین حج کی قرعہ اندازی کا آغاز کیا گیا اور دو گھنٹے کے بعد تقریباً 5بجے سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس سے جموں کشمیر سمیت 10ریاستوں میں قرعہ اندازی نہیں ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ تاہم تب تک جموں کشمیر کے لگ بھگ 5ہزار عازمین کا انتخاب ہوچکا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ بانڈی پورہ،ریاسی، رام بن، کھٹوعہ، ادہمپوراورکشتواڑ اضلاع کے وہ سبھی عازمین منتخب ہوئے ہیں جنہوں نے درخواستیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع سے بہت کم درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا کہ مرکزکی جانب سے ابھی جموں کشمیر کوحج کوٹہ نہیں دیا گیا ہے لیکن انہیں امید ہے کہ ماضی کے تجربے کو سامنے رکھ کر 9000ہزار سے زائد عازمین سفر محمود پر روانہ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ویٹنگ لسٹ میں تین ہزار لوگ رہ جائیں گے جن میں سے پھلے سال کی طرح بہت سارے لوگ جاسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی1452 عازمین منتخب ہوچکے ہیں اور قرعہ اندازی صرف12765کی ہونی تھی جن میں سے 5ہزار کی ہوچکی تھی جب سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا تکنیکی خرابی دور کی جارہی ہے تو انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ساتھ قرعہ اندازی کی جارہی تھی لہٰذا یہ عمل ہر جگہ رک گیا ہے اس لئے اسے ٹھیک کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے اور اگر دوران شب کسی بھی وقت خرابی ٹھیک ہوئی ہے تو اسی وقت منتخب عازمین کی فہرست اپ لوڈ کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوس میں سارا عملہ موجود ہے جو اس بات کے انتظار میں ہے کہ سسٹم کی خرابی کب ٹھیک ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال، جموں و کشمیر میں عازمین کے لیے 25 پشتے بنائے جائیں گے۔ جے اینڈ کے ہاؤس بہت سے عازمین کے لیے اپنے پاسپورٹ کی تصدیق جلد از جلد کروانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔ حج ہاؤس کے اہلکار جموں و کشمیر کے عازمین کو ہر طرح سے سہولت فراہم کریں گے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ اس سال فروری میں سعودی حکومت نے 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو 2023 کے حج پر جانے سے منع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سال، حج کمیٹی نے سعودی حکومت کے ساتھ بات چیت کے بعد، حج کے درخواست فارم آن لائن مفت دستیاب کرائے تھے۔یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اس سال حج 80,000 روپے سستا ہوگا اور ہر حاجی کو حج کی ادائیگی کے لیے 3.70 سے 3.80 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔