حجاب کیس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

نئی دہلی// سپریم کورٹ نے جمعرات کو حجاب پر پابندی سے متعلق اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواستوں پر مسلسل 10 دنوں سے سماعت جاری تھی۔ جمعرات کو بھی جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی بنچ نے کرناٹک حکومت اور مسلم فریق کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ ہم نے آپ سب کو سنا ہے۔ اب ہمارا ہوم ورک شروع ہوتا ہے۔سماعت کے پہلے 6 دن تک مسلم فریق کے دلائل کے بعد کرناٹک حکومت نے اپنا رخ پیش کیا۔ جس میں ہندو، سکھ، عیسائی علامتوں کی طرح حجاب کی بھی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔۔ 10 دن کی سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا، حکومت کرناٹک کے ایڈوکیٹ جنرل پربھولنگ نوادگی، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے ایم نٹراج، ایڈوکیٹ آر وینکٹرامانی نے دلائل دیے۔ سینئر ایڈووکیٹ احمدی نے جمعرات کو دلیل دی کہ حجاب پہننے والی لڑکیوں کا تناسب کم ہو سکتا ہے، لیکن اس طرح کے نظم و ضبط سے آپ کو کیا فائدہ؟ایڈوکیٹ کامت نے کہا کہ فرض کریں کہ میں کرشنا کی تصویر اپنی جیب میں رکھتا ہوں۔ اور ریاست کہتی ہے کہ آپ نہیں رکھ سکتے۔ جب میں اسے چیلنج کرتا ہوں تو عدالت پوچھے کہ پابندی کیوں ہے اور کیا مجھے تصویر رکھنے کا حق نہیں ہے۔کرناٹک حکومت نے کہا کہ بقرعید پر گائے کے ذبیحہ کی طرح اسکولوں میں حجاب پہننا مسلمانوں کا بنیادی حق نہیں ہے۔ کرناٹک حکومت نے بدھ کو اپنے دلائل میں کہا کہ جس طرح بقرعید کے دوران گائے کو ذبح کرنا مسلمانوں کا بنیادی حق نہیں ہے۔اسی طرح سکول کالج میں حجاب پہننا آزادی اظہار یا مذہبی آزادی سے متعلق حق نہیں ہے۔