جی 20 سربراہی اجلاس ہندوستان کی میزبانی میں ہائی پروفائل میٹنگ ہوگی: جے شنکر

نئی دہلی//یو این آئی// راجیہ سبھا میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کو کہا کہ اگلے سال ہندوستان کی زیر صدارت ہونے والا جی 20 سربراہی اجلاس نہ صرف ایک ہائی پروفائل میٹنگ ہوگی بلکہ اس میں عالمی چیلنجوں کے بڑے مسائل پر بھی سنجیدگی سے بات چیت بھی کی جائے گی۔مسٹر جے شنکر نے آج پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن راجیہ سبھا میں ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر اپنے بیان میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اس سال انڈونیشیا کی زیر صدارت ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں جی 20 کی صدارت کو قبول کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندستان میں جی 20 اجلاس کی میٹنگیں شروع ہو چکی ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ان میں سے 200 میٹنگیں ہندوستان میں مختلف مقامات پر منعقد کی جائیں جہاں ملک کی مختلف مصنوعات کو عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس میں ایک ضلع ایک پروڈکٹ پر بھی زور دیا جائے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 8 سے 10 جنوری 2023 تک اندور میں 17 ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کا انعقاد کیا جائے گا۔ پرواسی بھارتیہ دیوس دو سال کے وقفے کے بعد منایا جائے گا۔ گیانا کے صدر عرفان علی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ ملک کی ترقی میں ہندوستانی تارکین وطن کے تعاون کو اجاگر کرنے کے لئے پراواسی بھارتیہ دیوس ہر سال 9 جنوری کو منایا جاتا ہے ۔ 1915 میں آج کے دن مہاتما گاندھی جنوبی افریقہ سے وطن واپس آئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سال یوم جمہوریہ کے موقع پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے مہمان خصوصی کے طور پر ہندوستان کی دعوت کو قبول کرلیا ہے ۔مسٹر جے شنکر نے کہا، “مجھے ایوان کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کاشی کو 2022-23 کے لیے ایس سی او کی پہلی ثقافتی اور سیاحتی دارالحکومت کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔ یہ ہمارے قدیم علمی ورثے اور ہمارے ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔