عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے شعبہ جنرل میڈیسن کی جانب سے ’’ایم ای ڈی ویژن 2025‘‘ کے عنوان سے دو روزہ کانفرنس-کم-سی ایم ای پروگرام کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، جس کا بنیادی موضوع ایمرجنسی پریپیرڈنس اور ریسپانس کو کثیر الجہتی نقطہ نظر سے بہتر بنانا ہے۔یہ پروگرام جمعہ کے روز شروع ہوا اور ہفتہ تک جاری رہے گا، جس میں جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے سینئر ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ ماہرین جدید طبی طریقہ کار، ایمرجنسی پروٹوکولز کی تازہ ترین اپڈیٹس، اور بحران کے وقت بین المحکماتی ہم آہنگی کے ذریعے جان بچانے کے مؤثر طریقوں پر تفصیلی بحث و مباحثہ کر رہے ہیں۔کانفرنس کا انعقاد شعبہ میڈیسن جی ایم سی راجوری کے سربراہ ڈاکٹر جمیل الحق خان کی قیادت میں کیا جا رہا ہے، جبکہ شعبہ امراضِ نسواں کے سربراہ ڈاکٹر چندر شیکھر بھی منتظمین میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد سمیت اسپتال کے دیگر انتظامی افسران بھی آرگنائزنگ کمیٹی کا حصہ ہیں۔سرکاری حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نہ صرف مختلف شعبہ جات کے درمیان مضبوط رابطہ پیدا کرنا ہے بلکہ طبی عملے کی مہارت میں اضافہ کرنا اور خطے میں مجموعی ایمرجنسی مینجمنٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی ہے۔ کانفرنس کے دوران طبی ماہرین ان اقدامات پر غور کر رہے ہیں جن کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت، مربوط اور مؤثر ریسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔ ’’ایم ای ڈی ویژن 2025‘‘ سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ جی ایم سی راجوری سمیت پورے خطے میں ایمرجنسی طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، جبکہ صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔