راجوری //دنیا میں کورونا وائرس کے شروع ہونے کے ایک برس بعد بھی گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں آکسیجن پیدا کرنے کیلئے پلانٹ نہیں لگایا جاسکا تاہم اب دوسری لہر کے شدید ہونے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے ایک چھوٹے پلانٹ کو لگانے کیلئے کام شروع کیا ہے جبکہ کووڈ مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی سلنڈروں کو جوڑ کر بحال کی گئی ہے ۔گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں کووڈ مریضوں کیلئے صرف ایک ہی وارڈ مختص رکھی گئی ہے جبکہ اس وقت لگ بھگ چالیس مریض زیر علاج ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے ۔گور نمنٹ میڈیکل کالج کے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ لگانے کیلئے گزشتہ برس جون میں ایک ٹینڈر لگایا گیا تھا جس کے تحت ایک ٹھیکیدار کو پلانٹ لگانے کا کام بھی دیا گیا تھا لیکن مذکورہ ٹھیکیدار کام کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ نے ٹھیکیدار کے فیل ہونے کے بعد دوبارہ سے ٹینڈر نکالا تھا جس کے تحت ایک نئے ٹھیکیدار کو کام دیا گیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ کام جلد ہی شروع ہو جائے گا ۔ایک سرکاری بیان میں ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ پلانٹ کا پورا کام کیلئے894.10 لاکھ روپے کی لاگت کو منظور ی دی گئی تھی جس میں گیس پائپ لائن ،سسٹم اور آکسیجن کیلئے پلانٹ وغیرہ لگائے جانے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس دی گی منظوری کے بعد گیس پائپ لائن کو نصب کر دیا گیا ہے جبکہ پلانٹ کا کام باقی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آکسیجن کی پیداور کیلئے پلانٹ لگانے کیلئے میکینکل انجینئر نگ شعبہ کی جانب سے گزشتہ برس ٹینڈر لگایا گیا تھا لیکن کسی تکنیکی وجہ سے مذکورہ کام نہیں ہوسکا جبکہ اب دوبارہ سے مذکورہ ٹینڈر لگا کر کام ٹھیکیدار کو سونپ دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی کام شروع ہوتا ہے اس کو مزید 10سے 15دنوں میں مکمل کرلیا جائے گا ۔اس سلسلہ میں میڈیکل سپر نا ٹینڈنٹ راجوری ہسپتال اور ذرائع نے بتایا کہ اس وقت میڈیکل کالج میں 32آکسیجن سلنڈر موجود ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ آکسیجن سلنڈر پلانٹ لگانے کیلئے ساز و سامان مل گیا ہے ۔