کشتواڑ//تاجر تنظیموںکو دی گئی بند کال کے جواب میں ہفتہ کے روز قصبہ میں جزوی طور پر بند رکھا گیا ۔ اس بند کی کالج جی ایس ٹی معاملہ میں امام جامع مسجد کشتواڑ فاروق احمد کچلو نے دی تھی۔ اس دوران ضلع میں جزوی طور پر دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے تاہم سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا اور عام زندگی پرکسی قسم کا اثر دکھائی نہیں دیا۔ جو دکانیں کھلی تھیں ، ان دکانداروں کا کہنا تھا کہ وہ بھی جی ایس ٹی کے خلاف ہیں تاہم بند کال واضح نہیں تھی اور نہ ہی اس کے لئے دکانداروں کو اس کے لئے اعتماد میں لیا گیا تھا ۔ ٹریڈرز ایسو سی ایشن کشتواڑ کے جنرل سیکرٹری ارشد گیری نے اس دوران کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان کی تنظیم اگر چہ جی ایس ٹی کے خلاف نہیں ہے لیکن ہم جموں کشمیر کے لئے الگ ریاستی جی ایس ٹی کے خواہاں ہیں۔ بند کال کے دوران سیکورٹی کا کڑا بند و بست کیا گیا تھا تاہم حالات پوری طرح سے پر امن رہے اور کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔