عوامی مسائل کے فوری اَزالے اور بروقت خدمات کی فراہمی کیلئے پُرعزم:نائب وزیر اعلیٰ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نےحکومت کے عوامی مسائل کے فوری ازالے اور خدمات کی بروقت فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مقامی سطح پر حکمرانی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اُنہوں نے جموں میں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک وسیع عوامی رسائی سیشن کے دوران جموں اور سری نگر سے آئے ہوئے متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی جنہوں نے اَپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفود نے اپنے علاقوں میں شہری اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی مجموعی بہتری سے متعلق مسائل اُٹھائے۔نائب وزیر اعلیٰ نے تمام وفود بغور سُنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کو بروقت اور نتیجہ خیز انداز میں حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل کے مؤثر حل کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ جوابدہ حکمرانی اوربروقت خدمات کی فراہمی موجودہ اِنتظامیہ کی اعلیٰ ترجیحات ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطے اور شکایات کے بروقت ازالے نظام میں شفافیت اور جوابدہی برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت تمام علاقوں میں مساوی ترقی فراہم کرنے اور مختلف سکیموں و منصوبوں کے فوائد کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لئے پُرعزم ہے۔