جنگل سمگلر کا غیر قانونی دھندہ | درخت کے نیچے آکر ہلاک

ارشاد احمد
بڈگام //بڈگام کے جنگلاتی علاقے میں ایک جنگل اسمگلر غیر قانونی طور پر درخت کاٹتے ہوئے ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے متوفی اسمگلر کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے ۔ پولیس نے بتایا کہ کھاگ کے جنگلاتی علاقہ نارہ پتھری سربل میں واقع کمپارٹمنٹ نمبر 28 میں چار افراد غیر قانونی طور پر درخت کاٹ رہے تھے۔ جس دوران بھاری بھرکم درخت33سالہ محمد رفیق کھوکھر ولد حبیب اللہ ساکن کوکر باغ کھاگ پر گرگیا جس کی وجہ سے مذکورہ شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔اس موقع پر تھانہ پولیس کھاگ کی پارٹی موقع پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو درخت کے نیچے سے نکالی گئی۔بعد میں قانونی کارروائی مکمل کرکے لاش ورثا کے سپرد کردی گئی۔پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ زیر نمبر 53/2022 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔پولیس نے کہا کہ ہلاک ہونے والے سمگلر کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ دیودار کا ایک بہت بڑا درخت، جو حادثے کا سبب بنا، جنگلاتی علاقے میں پڑا ہے۔ادھر بانڈی پورہ میں قائم چترنار فارسٹ کے متصل گھنے جنگل میں ہولناک آگ پھیل گئی۔ کہوہامہ رینج آفیسر نے بتایا کہ کمپارٹمنٹ نمبر 108میں پرانے ڈی ایف او بنگلو کے اوپر گھنے جنگل میں آگ پراسرار طور پر ظاہر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سرسبز درختان کو بچانے کے لیے کوششیں ہورہی ہیں۔