سری نگر// جنوبی کشمیر میں سرگرم جنگجووں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے اور پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران شوپیاں، ترال اور اننت ناگ اضلاع میں 6 جنگجو مارے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’جنوبی کشمیر میں پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں 6 شدت پسند ہلاک ہوئے‘۔
انہوں نے کہا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور اُن کے مدد گاروں کے خلاف سیکورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں اوراُن کے معاونین کے خلاف سیکورٹی ایجنسیوں نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں شدت لائی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع یعنی پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
اُن کے مطابق گزشتہ دنوں بجبہاڑہ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی ہلاکت کے بعد حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر خصوصی اسکارڈ تشکیل دئے گئے تاکہ ملوثین کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ امکانی حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی ہلاکت میں ملوث مقامی جنگجو کو سریگفوارہ بجبہاڑہ میں ہلاک کیا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس آفیسر کی ہلاکت کے بعد ثبوت و شواہد اکھٹا کئے گئے جس دوران حال ہی میں ملی ٹینٹ صفوں میں شمولیت اختیار کرنے والے مقامی جنگجو فہیم بٹ کا نام سامنے آیا ۔
اُن کے مطابق ملوث جنگجو کو تلاش کرنے کی خاطر پچھلے تین روز سے جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کا آغاز کیا گیا اور ہفتے کی شام کو خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سریگفوارہ بجبہاڑہ گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر موجود مقامی ملی ٹینٹ فہیم نے فائرنگ شروع کی ۔
انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ کو سرینڈر کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا گیا لیکن اُس نے پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد سلامتی عملے کی جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔
اُن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد بھی برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس آفیسر نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔
بتادیں کہ آئی جی کشمیر وجے کمار نے ہفتے کی شام کو اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے سریگفوارہ گاوں میں پولیس آفیسر کی ہلاکت میں ملوث ایک مقامی ملی ٹینٹ ہلاک ہوا ہے۔