سرینگر//جموں کشمیر میں کاروباری شعبے کی بحالی کے راستوں کو تلاش کرنے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی پہلی میٹنگ صلاح کار کے کے شرما کی سربراہی میں منعقد ہوئی،جس میں تاجر انجمنوں سے کاروبارکی بحالی کیلئے تجاویز حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میںپالسیوں،رہنما خطوط اور رجسٹریشنوں کی توسیع اورجموں کشمیر میں اقتصادی بحالی اور کاروباری حلقے کی معاونت کیلئے طریقہ کار مرتب کرنے سے متعلق امورات کا سر نو جائزہ لیا گیا۔ شرما، کی صدارت کی سربراہی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میںمحکمہ خزانہ کے فائنانشل کمشنر رارن کمار مہتہ، کمشنر سیکریٹری صنعت و حرفت منوج کمار دیدی،جموں کشمیر بنک کے چیئرمین آر کے چیبر،سیکریٹری سیاحت زبیر احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ سیاحت،صنعت کاروں،چھوٹے کاروباریوں اور سیاحتی سرگرمیوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ دیگر فریقین سے تجاویزحاصل کی جائیں گی تاکہ ایک جامع دستاویزکو عملی شکل دی جاسکے۔ میٹنگ میں اس بات کا بھی فیصلہ لیا گیا کہ جموں اور سرینگر کے چیمبرئوں کے علاوہ دیگر تجارتی انجمنوں سے مفصل میٹنگیں کی جائیں گی،تاکہ وہ موثر انداز میں اپنا نقطہ نگاہ اورتجاویز و مطالبات پیش کرسکیں۔ میٹنگ کے دوران اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ محکمہ خزانہ میں سیکریٹری سطح کے افسر کو مختلف انجمنوں سے تاثرات حاصل کرنے کیلئے لیزان افسر کے طور پر تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بھی اس بات سے باخبر رکھا جائے گا کہ کاروبار کی بحالی کیلئے کیا اقدمات اٹھائے جا رہے ہیں،جس کو کورونا سے سخت نقصان پہنچا۔اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کمیٹی تشکیل دی تھی۔مذکورہ کمیٹی یکم ستمبر2020کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی تاکہ صحیح سمیت میں لازمی اقدامات اٹھائیںجاسکیں۔ راج بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ میٹنگ کے دوران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے کاروباری حلقے کو درپیش مسائل سے لیفٹیننٹ گورنر کو آگاہ کیا۔ منوج سہنا نے اس موقعہ پر کہا کہ کسی بھی خطے میں تجارت اور صنعتی ترقی کے دو اہم جزہیں اور جموں کشمیر میں صنعت اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے سازگار ماحول قائم کرنے کے مزید اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پالسیوں اور دیگر متعلقہ معاملات مرتب کرنے کے دوران فریقین کو اعتماد میں لیکر ادارہ جاتی نظام تیار کریں۔ اس دوران کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شیخ عاشق حسین نے حکومت سے جموں و کشمیر کی معیشت کی بحالی کے لئے ایک جامع پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ہے جس میں چھوٹے طبقے کے تاجروں کا خاص خیال رکھا گیا ہو۔شیخ عاشق حسین نے بتایا’’ہم نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ میٹنگ میں 5 اگست 2019 سے آج تک کے مشکلات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی تھی‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت جموں وکشمیر کی معاشی بحالی چاہتی ہے تو اس کو چاہئے کہ وہ تمام شعبوں کا خیال رکھے۔انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کی صرف رپورٹ ہی نہیں دینی چاہئے بلکہ انہیں ایک جامع پیکیج لے کر آنا چاہئے جس میں چھوٹے طبقے کے تاجروں کا بھی خیال رکھا گیا ہو۔موصوف نے کہا کہ وادی میں سیاحتی شعبہ ٹھپ ہے اور اس کے ساتھ جڑے ہزاروں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔