جموں و کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی مشاورت | منگل کوحفاظتی عہدیدار سر جوڑ کر بیٹھیں گے

نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی وزارت داخلہ منگل 6 دسمبر کو جموں کشمیر میں تعینات پولیس و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں اور حفاظتی عملے کے حکام کے ساتھ جموں و کشمیر کی سیکورٹی کی صورتحال اور ترقیاتی کاموں کا اعلیٰ سطحی جائزہ لے گا۔ میٹنگ کی صدارت کریں گے۔اکتوبر کے پہلے ہفتے میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے کے بعد جموں و کشمیر پر یہ مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلہ کی صدارت میں ہونے والی پہلی اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میںچیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ اور انٹیلی جنس چیف آر آر سوین شرکت کریں گے۔ جموں کشمیر کے ہوم سیکریٹری آر کے گوئل چھٹی پر ہیں۔جموں و کشمیر میں ترقیاتی منظر نامے اور سیکورٹی کی صورتحال کے تمام پہلوؤں کا جائزہ اجلاس میں لیا جائے گا۔جب کہ جموں و کشمیر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جن میں مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں اور وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے تحت فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، میٹنگ کا فوکس سیکورٹی صورتحال پر ہوگا۔حکومت ممکنہ طور پر زمینی سیکورٹی کو مضبوط بنائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ڈرونز کے ذریعے گرائی جانے والی اور پاکستانی فوج، رینجرز اور عسکریت پسند کمانڈروں کی طرف سے بھیجی جانے والی کھیپ اوور گراؤنڈ ورکرز کے ہاتھ میں نہ جائے، جو بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے کام کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ میٹنگ میں ڈرون کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے کچھ اقدامات پر تبادلہ خیال اور اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔